Site icon Maqbooliya.com

نہ ہو آرام جس بیمار کو سارے زمانے سے

logomaqbooliya

logomaqbooliya

نہ ہو آرام جس بیمار کو سارے زمانے سے
اُٹھا لے جائے تھوڑی خاک اُن کے آستانے سے

تمہارے دَر کے ٹکڑوں سے پڑا پلتا ہے اِک عالم
گزارا سب کا ہوتا ہے اِسی محتاج خانے سے

شب ِاَسرا کے دولھا پر نچھاوَر ہونے والی تھی
نہیں تو کیا غرض تھی اتنی جانوں کے بنانے سے

کوئی فردوس ہو یا خلد ہو ہم کو غرض مطلب
لگایا اب تو بستر آپ ہی کے آستانے سے

نہ کیوں اُن کی طرف اللّٰہ سو سو پیار سے دیکھے
جو اپنی آنکھیں ملتے ہیں تمہارے آستانے سے

تمہارے تو وہ احساں اور یہ نافرمانیاں اپنی
ہمیں تو شرم سی آتی ہے تم کو منہ دکھانے سے

بہارِ خلد صدقے ہو رہی ہے رُوئے عاشق پر
کھلی جاتی ہیں کلیاں دِل کی تیرے مسکرانے سے

زمیں تھوڑی سی دیدے بہر مدفن اپنے کوچہ میں
لگا دے میرے پیارے میری مٹی بھی ٹھکانے سے

پلٹتا ہے جو زائر اُس سے کہتا ہے نصیب اُس کا
ارے غافل قضا بہترہے یاں سے پھر کے جانے سے

بلالو اپنے دَر پر اب تو ہم خانہ بدوشوں کو
پھریں کب تک ذلیل و خوار دَر دَر بے ٹھکانے سے

نہ پہنچے اُن کے قدموں تک نہ کچھ حسن عمل ہی ہے
حسنؔ کیا پوچھتے ہو ہم گئے گزرے زمانے سے
شیطان سے حفاظت
روزانہ دس بار ’’ اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم ‘‘ پڑھنے والے پر شیطان سے حفاظت کے لیے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ایک فرشتہ مقرر فرما دیتا ہے ۔ (فیضان سنت، باب نیکی کی دعوت، ص۱۰۵)

Exit mobile version