islam
پردہ بے عزّتی نہیں عزّت ہے
پردہ بے عزّتی نہیں عزّت ہے
شیخ الحدیث حضرت علّامہ عبدُ المصطفیٰ اَعظمی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : آج کل بعض مُلْحد قسم کے دشمنانِ اسلام مسلمان عورتوں کو یہ کہہ کر بہکایا کرتے ہیں کہ اسلام نے عورتوں کو پردہ میں رکھ کر عورتوں کی بے عزّتی کی ہے اس لئے عورتوں کو پردوں سے نکل کر ہر میدان میں مَردوں کے دوش بدوش کھڑی ہو جانا چاہئے۔ مگر پیاری بہنو! خُوب اچھی طرح سمجھ لو کہ ان مَردوں کا یہ پروپیگنڈہ اتنا گندا اور گھناؤنا فریب اور دھوکہ ہے کہ شاید شیطان کو بھی نہ سُوجھا ہوگا۔ مزید فرماتے ہیں : اے اﷲعَزَّوَجَلَّ کی بندیو! تمہیں انصاف کرو کہ تمام کتابیں کھلی پڑی رہتی ہیں اور بے پردہ رہتی ہیں مگر قرآن شریف پر ہمیشہ غلاف چڑھا کر اس کو پردے میں رکھا جاتا ہے تو بتاؤ کیا قرآن مجید پر غلاف چڑھانا یہ قرآن کی عزّت ہے یا بے عزّتی؟اسی طرح تمام دُنیا کی مسجدیں ننگی اور بے پردہ رکھی گئی ہیں مگر خانۂ کعبہ پر غلاف چڑھاکر اس کو پردہ میں رکھا گیا ہے تو بتاؤ کیا کعبۂ مُقَدَّسہ پر غلاف چڑھانا اس کی عزّت ہے یا بےعزّتی؟ تمام دُنیا کو معلوم ہے کہ قرآنِ مجید اور کعبۂ معظمہ پر غلاف چڑھا کر ان دونوں کی عزّت و عظمت کا اعلان کیا گیا ہے کہ تمام کتابوں میں سب سے افضل و اعلیٰ قرآن ہے۔ اور تمام مسجدوں میں افضل و اعلیٰ کعبۂ معظمہ ہے اسی طرح مسلمان عورتوں کو پردہ کا حکم دے کر اللہ عَزَّوَجَلَّ و رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی طرف سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ اقوام عالَم کی تمام عورتوں میں مسلمان عورت تمام عورتوں سے افضل و اعلیٰ ہے۔ پیاری بہنو!اب تمہیں کو اس کا فیصلہ کرنا ہے کہ اسلام نے مسلمان عورتوں کو پردوں میں رکھ کر ان کی عزّت بڑھائی ہے یا ان کی بے عزّتی کی ہے؟(1)
________________________________
1 – جنتی زیور ، ص۸۲