Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
waqiyat

چوتھے آسمان کا فرشتہ

چوتھے آسمان کا فرشتہ

حضرت سیدنا حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم،ر ء ُوف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلَّم کے صحابہ کرام علیہم الرضوان میں سے ایک صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ تجارت کیا کرتے تھے، ایک ُملک سے دوسرے ُملک اورایک شہر سے دوسرے شہر مالِ تجارت لے جاتے ، وہ بہت متقی وپرہیزگار تھے اور ان کی عادت تھی کہ اکیلے ہی سفر کرتے ۔
اسی طرح ایک مرتبہ وہ سامانِ تجارت لے کر سفر پر روانہ ہوئے ۔جب ایک جنگل میں پہنچے تو اچانک آہنی زِرہ پہنے ایک مسلّح ڈاکو نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو روک لیا اور کہا :” اپنا سارا مال میرے حوالے کر دو اور قتل ہونے کے لئے تیار ہوجاؤ ۔” یہ سن کر وہ صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرمانے لگے : ”تمہارا مقصودمال ہے تم میرا سارا مال لے لواور مجھے جانے دو ،مجھے قتل کرنے سے تمہیں کیا فائدہ ہوگا ؟ یہ لومیں اپنا تمام مال تمہارے حوالے کرتا ہوں ۔”
یہ سن کر ڈاکونے کہا:” میں تمہارا مال تو لوں گا ہی مگر تمہیں قتل بھی ضرور کروں گا۔” اتنا کہنے کے بعد جب وہ حملہ کرنے کے لئے آگے بڑھا تو اس صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا :” جب تم میرے قتل کا ارادہ کرہی چکے ہو تو مجھے تھوڑی مہلت دو تا کہ میں اپنے رب عزوجل کی بارگاہ میں سجدہ کرلوں او راس سے دعا کرلوں ۔” یہ سن کر ڈاکو نے کہا : ”جو کرنا ہے جلدی کرو میں تمہیں قتل ضرور کروں گا ، جلدی سے نماز وغیرہ پڑھ لو ۔” اس صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے وضو کیا،چار رکعت نماز پڑھی ، پھر سجدہ کی حالت میں اللہ ربُّ العزت عزوجل سے اس طر ح دعا مانگنے لگے :

” یَا وَدُوْدُ یَا ذَاالْعَرْشِ الْمَجِیْد،ِ یَا فَعَّالُ لِّمَا یُرِیْدُ، اَسْئئَلُکَ بِعِزِّکَ الَّذِیْ لَا یُرَامُ وَمُلْکِ الَّذِیْ

لَایُضَامُ ، بِنُوْرِکَ الَّذِیْ مَلَأَ اَرْکَانَ عَرْشِکَ اَنْ تَکْفِیَنِیْ شَرَّ ھٰذَا اللِّصِّ، یَا مُغِیْثُ اَغِثْنِیْ، یَا مُغِیْثُ اَغِثْنِیْ، یَا مُغِیْثُ اَغِثْنِیْ۔ ترجمہ:اے ودود! اے عرش مجید کے مالک! اے وہ ذات جو ہر اِرادے کو پورا کرنے والی ہے! میں تیری عزت کا واسطہ دیتا ہوں ایسی عزت جس کی کوئی اِنتہاء نہیں اور اے ایسی با دشاہت کے مالک! جس پر کوئی دباؤ نہیں ڈال سکتا، میں تجھے تیرے اس نور کا واسطہ دے کر سوال کرتا ہوں جس نے تیرے عرش کے ارکان کو منور کیا ہوا ہے ،اے میرے پروردگار عزوجل!مجھے اس ڈاکو کے شر سے محفو ظ رکھ ، اے مدد کرنے والے !میری مدد فرما ، اے مدد کرنے والے! میری مدد فرما، اے مدد کرنے والے !میری مدد فرما ۔”
اس صحابی نے بڑی آہ وزاری کے ساتھ ان کلمات کے ذریعے تین مرتبہ بارگاہِ خداوندی عزوجل میں دعا کی ، ابھی وہ دعا سے فارغ بھی نہ ہو نے پائے تھے کہ ایک جانب سے ایک شَہْسَوَارہاتھ میں نیزہ لئے نمودار ہوا اور اس ڈاکو کی طرف بڑھا، جب ڈاکو نے اسے دیکھا تو اس پر حملہ کرنا چاہا لیکن سوار نے نیز ے کے ایک ہی وار سے ڈاکو کا کام تمام کردیا ۔ پھر وہ سوار اُس صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس آیا اور کہا: ”کھڑے ہوجائیے۔”
یہ سن کر وہ صحابی رسول صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ورضی اللہ تعالیٰ عنہ کھڑے ہوئے اور اس سوار سے کہنے لگے:” اے عظیم شخص! میرے ماں باپ تم پر قربان ہوں! آج اس مصیبت کے دن تم نے میری مدد کی ہے ،تم کون ہو؟ ” سوارنے کہا: ”میں اللہ عزوجل کے فر شتوں میں سے ایک فرشتہ ہوں اور چوتھے آسمان سے ا ۤ پ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مدد کے لئے آیاہوں، جب آپ(رضی اللہ تعالیٰ عنہ)نے (ان پاکیزہ کلمات کے ساتھ) پہلی بار دعا کی توآسمان کے دروازوں کی آواز ہمیں سنائی دی ، پھر جب دوسری مرتبہ دعا کی تو ہم نے آسمان میں ایک چیخ وپکار سنی، پھر جب آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تیسری مرتبہ یہی دعا کی تو ہمیں یہ آواز سنائی دی:” یہ ایک پریشان حال کی دعا ہے ۔لہٰذا میں نے اللہ عزوجل کی بارگاہ میں عرض کی: ”یا ربَّ العالَمین عزوجل !مجھے اس مظلوم کی مدد کر نے اور اس ڈاکو کو قتل کرنے کی اجازت دے۔” چنانچہ میں اللہ عزوجل کے حکم سے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مدد کرنے آیا ہوں۔”
(اللہ ل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی صلی اللہ تعالی عليہ وسلم)
ٍ حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :” جو شخص وضو کر ے اور چار رکعت نماز پڑھے پھر ان مذکورہ بالا کلمات کے ساتھ اللہ ربُّ العزَّت عزوجل سے دعا کرے تو اس کی دعا قبول کی جاتی ہے،چاہے دعا کرنے والا حالتِ کرب میں دعا کرے یا اس کے علاوہ (یعنی جب بھی دعا کرے اس کی دعا قبول کی جاتی ہے)۔”

(موسوعۃ لابن ابی الدنیا، کتاب مجابی الدعوۃ، الحدیث:۲۳،ج۲،ص۳۲۱۔ ۳۲۳)

یاالٰہی جو دعائے نیک میں تجھ سے کروں قدسیوں کے لب سے آمیں رَبَّنَا کا ساتھ ہو

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!