رِقّت بھری دعا:
رِقّت بھری دعا:
اے میرے مالک ومولیٰ عزَّوَجَلَّ ! اگرہم گناہوں کی وجہ سے تیرے عذاب سے ڈرتے ہیں تو حُسنِ ظن نے ہمیں تیرے ثواب کی بھی طمع دے رکھی ہے۔ اگر تو معاف فرما دے تو تجھ سے زیادہ کون اس کا حق رکھتاہے؟ اور اگر تو عذاب دے تو تجھ سے زیادہ عدل کرنے والاکون ہے؟اے میرے پروردگار عَزَّوَجَلَّ! اگر تو عبادت وریاضت کرنے والوں پر رحم فرمائے گا تو خطاکاروں پر کرم کون کریگا ؟اگر تو صرف مخلصین کے اعمال قبول فرمائے گا تو ہم جیسے ریاکاروں کا کیا بنے گا؟اگر تو صرف محسنین کو عزت سے نوازے گا توہم جیسے بدکارکہاں جائیں گے؟یاالٰہی عَزَّوَجَلَّ! میری حسرت کتنی زیادہ ہے کہ میں نے دوسروں کو تو نصیحت کی لیکن خود غافل رہا۔ اے میرے مولیٰ عَزَّوَجَلَّ ! کتنی سخت مصیبت ہے مجھ پر کہ دوسرے بیدار ہیں اور میں سویا ہواہوں ۔اے میرے مالک عَزَّوَجَلَّ! میرا معاملہ کتنا شدید ہے کہ دوسروں کی رہنمائی کر رہاہوں اورخودحیران وپریشان ہوں۔ اے میرے ربّ ِ قدیر عَزَّوَجَلَّ! عفو ودرگزر کے ساتھ پُرخطر اور تکلیف دہ راستے میں میری مدد فرما۔یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ! جب تو نے اپنی راہ پر چلنے والوں کی رہنمائی فرمائی تو وہ تجھ تک پہنچ گئے۔اے میرے خالقِ حقیقی عَزَّوَجَلَّ ! اگر میراکلام خالص تیری رضا کے لئے نہیں تومیرے اجتماع میں کوئی ایسا شخص تو ہو گا جو خالص تیری رضا کے لئے حاضر ہواہوگا اپنے نور کے واسطے مجھ خطا کار کے حق میں اس کی شفاعت قبول فرمااور یااَرْحَمَ الرّٰحِمِیْن! ہم سب کو اپنی رحمت میں ڈھانپ لے۔
صَلَّی اللہُ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّ آلِہٖ وَصَحْبِہٖ وَسَلَّم