Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

رِقَّت انگیز دُعا:

رِقَّت انگیز دُعا:

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!ذلَّت وعاجزی کے ساتھ ہاتھوں کوبلند کرلو، اوراپنی آنکھوں سے موسلا دھار آنسو بہاتے ہوئے تنہائی میں اور اعلانیہ بلند آواز سے دعا کرو:اے ہمارے مالک و مولیٰ عَزَّوَجَلَّ !تیرے گنہگار و نافرمان بندے گناہوں سے معافی کی آس لگائے تیری بارگاہ میں حاضر ہیں ۔ہم راہِ حق سے بہک چکے ہیں اور ہماری ہلاکت نے ہمیں جہنم کے قریب

کر دیا ہے۔ یا الٰہَ العٰلَمِیْن عَزَّوَجَلَّ !ہم تیری بارگاہ میں اپنی عاجزی و انکساری،ندامت وشرمندگی اور آنسوکی کثرت بطورِ شفیع پیش کرتے ہیں۔یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ ! اگرچہ گناہ ہمیں تیرے عذاب سے ڈراتے ہیں لیکن ہمارا حسنِ ظن ہمیں تیرے عفوو کرم کی حرص دلاتا ہے۔ اگر تو معاف فرمائے تو تجھ سے زیادہ اس کے لائق کون ہے؟ اوراگر توعذاب دے تو تجھ سے بڑھ کر عادل کون ہے؟
یَارَبَّ العٰلَمِیْن عَزَّوَجَلَّ!اگر تو صرف عبادت گزاروں پر رحم فرمائے گا تو عبادت میں کوتاہی کرنے والوں کا پُر سانِ حال کون ہو گا؟ اگر تو صرف مخلص لوگوں کا ہی عمل قبول فرمائے گا تو ریاکاروں کا کیا بنے گا؟ یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ !میری حسرت کتنی بڑی ہے کہ میں دوسروں کو نصیحت کرتا ہوں اور خود تجھ سے غافل ہوں۔ اے میرے مالک عَزَّوَجَلَّ ! میری مصیبت کتنی شدید ہے کہ میں دوسروں کو بیدار کرتا ہوں اور خود غفلت کی نیند سویاہوا ہوں۔ اے میرے آقا و مولیٰ عَزَّوَجَلَّ !میرا قصہ و ماجرا کتنا عجیب ہے کہ میں راہِ حق کی طرف دوسروں کی رہنمائی کرتا ہوں جبکہ خود ظالم ہوں۔ یااللہ عَزَّوَجَلَّ! نصیحت کرنے والے کو بھی بخش دے اور سننے والے کی بھی بخشش فرما دے۔اے میرے رحیم و کریم مولیٰ عَزَّوَجَلَّ!جب میں کسی کو تیری بارگاہ کا راستہ دکھاؤں اور وہ وہاں تک رسائی حاصل کر لے تو کیا تواسے قبول کر لے گا جس کی رہنمائی کی گئی اور رہنمائی کرنے والے کو دھتکار دے گا؟اے اخلاص کی دولت عطا فرمانے والے مولیٰ عَزَّوَجَلَّ! اگرمیرا کلام خالص تیری رضا کے لئے نہیں تو میرے اس اجتماع میں کوئی شخص تو ایسا ہو گا جو صرف اورصرف تیری رضا کے لئے آیا ہو گا۔ اے میرے پروردگار عَزَّوَجَلَّ!اس کے صدقے میری تقصیر و کوتاہی معاف فرمادے اور اے سب سے بڑھ کر رحم فرمانے والے! ہم سب پر اپنا خاص رحم و کرم فرما۔ (آمین)

وَصَلَّی اللہ عَلٰی سیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِہٖ وَ صَحْبِہٖ وَ سَلَّم تَسْلِیْمًا کَثِیْرًا

 

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!