Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
waqiyat

سمندر کی لہروں پرچلنے والانوجوان

سمندر کی لہروں پرچلنے والانوجوان

حضرت سیدنا یوسف بن الحسن رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہما فرماتے ہیں کہ جب حضرت سیدنا ذوالنون مصری علیہ رحمۃاللہ القوی کی صحبت میں رہتے ہوئے مجھے کافی عرصہ گزر گیا اور میں ان سے بہت زیادہ مانوس ہوگیا۔
توایک مرتبہ میں نے ہمت کر کے ان سے پوچھا :” حضور! آپ کو سب سے پہلے کون ساعجیب وغریب واقعہ پیش آیا ؟” یہ سن کر آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے جواب دیا: ”میں ایامِ جوانی میں خوب لہوولعب کی محفلوں میں مگن رہتا اور دنیا کی رنگینیوں نے میری آنکھوں پر غفلت کاپردہ ڈال رکھاتھاپھر اللہ عزوجل نے مجھے تو بہ کی تو فیق عطا فرمائی اور میں تمام معاملات چھوڑ کر حج کے ارادے سے ساحلِ سمند رپر آیا، وہاں میں نے ایک بحری جہاز پایا جس میں مصری تا جر سوار تھے، میں بھی ان کے ساتھ جاملا۔
اس جہازمیں ہمارے سا تھ ایک نہایت حسین وجمیل نوجوان بھی تھا جس کی پیشانی سے سجدوں کا نور جھلک رہا تھا اور اس کے منور چہرے نے گویا ساری فضا کو نوربار کیاہوا تھا۔جب ہمارا جہاز کافی فاصلہ طے کر چکا اور وسطِ سمندر میں آگیا تو جہاز کے مالک کی رقم سے بھری تھیلی گم ہوگئی ۔اس نے پُوچھ گچھ کی لیکن تھیلی نہ ملی، لہٰذا اس نے سب سواروں کو جمع کیا اور سب کی تلاشی لینا شرو ع کردی لیکن تھیلی کسی کے پاس بھی نہ ملی بالآخر جب تلاشی لینے والا اس نوجوان کے پاس آیا تواس نوجوان نے اچانک جہاز سے سمندر میں چھلانگ لگادی ۔یہ دیکھ کر میں حیرت میں ڈوب گیا کہ سمندرکی موجوں نے اسے نہ ڈبویابلکہ وہ اس کے لئے تخت کی طر ح ہو گئیں اور وہ نوجوان لہروں پر اس طرح بیٹھ گیا جس طر ح کوئی تخت پر بیٹھتا ہے، ہم سب مسافر بڑی حیرانگی سے اسے دیکھ رہے تھے ۔ پھر اس نوجوان نے کہا:
”اے میرے پاک پروردگار عزوجل !ان لوگو ں نے مجھ پر چوری کی تہمت لگائی ہے ۔ اے میرے دل کے محبوبعزو جل! میں تجھے قسم دیتا ہوں کہ تُو سمندر کے تمام جانوروں کو حکم فرماکہ وہ اپنے اپنے مونہوں میں ہیرے جواہرات لے کر ظاہر ہوجائیں ۔”

حضرت سیدنا ذوالنون مصری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ ابھی اس عظیم نوجوان کا کلام مکمل بھی نہ ہونے پایا تھا کہ جہاز کے چاروں جانب سمندری جانور ظاہر ہوگئے، سب کے مونہوں میں اتنے زیادہ ہیرے جواہرات تھے کہ ان کی چمک سے سارا سمندر رو شن ہوگیااور ہماری آنکھیں چندھیانے لگیں پھر اس نوجوان نے پانی کی موجوں سے چھلانگ لگائی اور لہروں پر چلتا ہوا ہماری نگاہوں سے اوجھل ہوگیا، وہ عظیم نوجوان یہ آیت تلاوت کرتاجارہا تھا :

اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیۡنُ

ترجمہ کنزالایمان:ہم تجھی کوپوجیں اور تجھی سے مدد چاہیں ۔(پ1،الفاتحۃ:4)
حضرت سیدنا ذوالنون مصری علیہ رحمۃ اللہ الولی فرماتے ہیں : یہی وہ پہلا واقعہ ہے جس کی وجہ سے مجھے سیرو سیاحت کا شوق ہواکیونکہ سیر وسیاحت میں اکثر اولیاء کرام رحمہم اللہ المبین سے ملاقات ہوتی ہے اور حضور نبی کریم ،رء ُ وف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عظیم ہے :
”میر ی اُمت میں ہمیشہ 30مرد ایسے رہیں گے جن کے دل حضرت ابراہیم خلیل اللہ(علیہ السلام) کے دل پر ہوں گے جب ان میں سے کوئی ایک مرجائے گا تو اللہ عزوجل اس کی جگہ دوسرا بدل دے گا۔”

(المسند للامام احمد بن حنبل، حدیث عبادۃ بن الصامت، الحدیث:۲۲۸۱۵،ج۸،ص۴۱۰۔۴۱۱)

(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی صلی اللہ تعالی عليہ وسلم)

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!