کیا کریں محفلِ دِلدار کو کیونکر دیکھیں
کیا کریں محفلِ دِلدار کو کیونکر دیکھیں
اپنے سرکار کے دَربار کو کیونکر دیکھیں
تابِ نظارہ تو ہو یار کو کیونکر دیکھیں
آنکھیں ملتی نہیں دِیدار کو کیونکر دیکھیں
دِلِ مردہ کو تِرے کوچہ میں کیونکر لے جائیں
اَثرِ جلوۂ رَفتار کو کیونکر دیکھیں
جن کی نظروں میں ہے صحرائے مَدینہ بلبل
آنکھ اُٹھا کر ترے گلزار کو کیونکر دیکھیں
عوضِ عفو گنہ بکتے ہیں اِک مجمع ہے
ہائے ہم اپنے خریدار کو کیونکر دیکھیں
ہم گنہگار کہاں اور کہاں رُویتِ عرش
سر اُٹھا کر تری دیوار کو کیونکر دیکھیں
اَور سرکار بنے ہیں تو انہیں کے دَر سے
ہم گدا اَور کی سرکار کو کیونکر دیکھیں
دَستِ صیاد سے آہو کو ُچھڑائیں جو کریم
دامِ غم میں وہ گرفتار کو کیونکر دیکھیں
تابِ دِیدار کا دعویٰ ہے جنہیں سامنے آئیں
دیکھتے ہیں تِرے رُخسار کو کیونکر دیکھیں
دیکھئے کوچہ محبوب میں کیونکر پہنچیں
دیکھئے جلوۂ دیدار کو کیونکر دیکھیں
اہلکارانِ سقر اور ارادہ سے حسنؔ
ناز پروردۂ سرکار کو کیونکر دیکھیں
بد ترین چور
فرمانِ مصطفیٰصَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم : لوگوں میں بدترین چور وہ ہے جو اپنی نماز میں چوری کرے عرض کی گئی ، یارسول اللّٰہ (صَلَّی اللّٰہ تَعَالٰی عَلَیْکَ وَسَلَّم)نماز کا چور کون ہے فرمایا : (وہ جو نماز کے ) رکوع اور سجدے پورے نہ کرے ۔
(مسند امام احمد ، ۸ / ۳۸۶، الحدیث : ۲۲۷۰۵، دارالفکر بیروت)