Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
سامانِ بخشش Mufti Azam Hind Muhammad Mustafa Raza مفتی اعظم ھند محمد مصطفیٰ رضاشاعری

رُباعیات کفشِ پا اُن کی رکھوں سر پہ تو پاؤں عزت

رُباعیات
کفشِ پا اُن کی رکھوں سر پہ تو پاؤں عزت
خاکِ پا اُن کی مَلوں منہ پہ تو پاؤں طَلعَت
طیبہ کی ٹھنڈی ہوا آئے تو پاؤں فرحت
قلبِ بے چین کو چین آئے تو جاں کو راحت

منظورِ نظر ہے بس ثنائے سرکار
جان دوجہاں کی جو ہیں سر ہر کار
نوریؔ کافی ہے دو جہاں میں مجھ کو
مقبول اگر ہوں اُن کو مرے اَفکار

گلہائے ثنا سے مہکتے ہوئے ہار
سُقْمِ شرعی سے ہیں مُنَزَّہ اَشعار
دشمن کی نظر میں یہ نہ کھٹکیں کیونکر
ہیں پھول مگر ہیں چشمِ اَعدا میں خار

حد بھر کا زِیاں کار سیہ کار ہوں میں
اُمت میں بڑا سب سے گنہگار ہوں میں
پر دِل کو ہے اپنے اِس سے ڈھارَس
فرماتا ہے اللّٰہ کہ غَفَّار ہوں میں

بدکار ہوں مجرم ہوں سیہ کار ہوں میں
اِقرار ہے اس کا کہ گنہگار ہوں میں
بایں ہمہ ناری نہیں نوری ہوں حضور
مومن ہوں تو فردوس کا حق دار ہوں میں

دنیا تو یہ کہتی ہے ُسخنور ہوں میں
ارے شعراء کا آج سروَر ہوں میں
میں یہ کہتا ہوں یہ غلَط ہے سو بار غلَط
سچ تو ہے یہی کہ سب سے اَحقر ہوں میں

ظالم ہوں جفاکار و ستم گر ہوں میں
عاصی و خطا کار بھی حد بھر ہوں میں
یہ سب ہے مگر پیارے تری رحمت سے
سنی ہوں مسلمان مقرر ہوں میں

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!