شجرکارى کے سائنسی فَوائد
شجرکارى کے سائنسی فَوائد
سُوال : سائنسى اِعتبار سے شجرکارى کے کچھ فَوائد بیان فرما دیجیے ۔
جواب : سائنسى تحقىق کے مُطابق بھى شجرکارى کے بڑے فَوائد ہىں ۔ دَرخت اور پودے کاربن ڈائى آکسائىڈ لىتے اور آکسىجن فَراہم کرتے ہىں ۔ آکسىجن انسانی زندگى کے لىے اِنتہائی ضَرورى ہے ، اِس کے بغىر اِنسان زندہ نہىں رہ سکتا ۔ اللہ پاک نے دَرختوں اور پودوں کو اِنسان کى خِدمت کے لىے لگاىا ہوا ہے ، یہ گندى ہوا لے کر اپنى پاکىزہ ہوا دىتے ہیں ۔ دَرجہ حَرارت کو بڑھنے نہىں دىتے ، درخت اور پودے فضائى آلودگی (ىعنى دُھواں اور گرد وغیرہ جو اُڑتى رہتى ہے اس )مىں کمى کرتے ہىں، دَرخت اور پودوں کی کثرت سے ماحول ٹھنڈا اور خُوشگوار رہتا ہے ، اس سے بجلى کى بھى بچت ہوتی ہے کیونکہ جو آلات گرمى دُورکرنے کے لىے اِستعمال ہوتے ہىں ان کى ضَرورت مىں کمى آجاتی ہے ىا بالکل ہی چھٹکارا مِل جاتا ہے ۔ اگر آپ اپنے وطنِ عزىز کو اِس طرح دَرختوں اور پودوں سے آراستہ کرىں گے تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ بجلى کى بھی بچت ہو گى ۔
درخت لىنڈ سلائڈنگ(یعنی مٹی یا چٹان کے تودے کا پھسل کر اونچی جگہ سے گرنے ) کی روک تھام کا بھی باعِث بنتے ہىں، کیونکہ دَرخت کى جڑىں زمىن کى مٹى کو روک کر رکھتى ہىں، جس کى وجہ سے زمىن کا کٹاؤ ىا لىنڈ سلائڈنگ نہىں ہونے پاتى ۔ یوں ہی دَرخت اور پودے ” گلوبل وارمنگ“ مىں بھی کمى کا سبب بنتے ہیں ۔ عالَمى ماحول کے دَرجۂ حرات مىں خطرناک حد تک اِضافہ” گلوبل وارمنگ“ کہلاتا ہے ، جس کى وُجُوہات مىں دَرختوں کا کاٹنا، صنعتوں کا تىزى سے قىام میں لانا اور
گاڑىوں کا بے تحاشا دُھواں شامل ہے ۔ اگر دَرختوں کی حفاظت کى جائے بلکہ مزید دَرخت لگانے کا اِہتمام کىا جائے تو ان خطرناک نقصانات سے بچنے کا بھی سامان ہو سکتا ہے ۔