Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

تعظیم کی برکت

تعظیم کی برکت

حضرت سیدنا عبداللہ بن محمدرشیدی علیہ رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہیں،مجھے حضرت سیدنا ایوب عطّار علیہ رحمۃ اللہ الغفار نے بتایا کہ ایک مرتبہ جب میری ملاقات حضرت سیدنا بشر بن حارث حافی علیہ رحمۃ اللہ الکافی سے ہوئی تو انہوں نے مجھ سے فرمایا: ”انسان کا کوئی نیک عمل اللہ عزوجل کی بارگاہ میں ایسا مقبول ہوجاتاہے کہ وہ تمام برائیوں کو مٹا دیتا ہے ۔وہ نیک عمل مشہور ہوجاتاہے اوراس بندے کے بُرے اعمال کو پوشیدہ کردیاجاتاہے ۔”
میرے ساتھ بھی کچھ اسی طرح کا واقعہ پیش آیا۔ آج میں کہیں جارہا تھا کہ راستے میں مجھے دو شخص ملے ایک نے دوسرے سے کہا:” دیکھو! حضرت سیدنا بشر بن حارث حافی علیہ رحمۃ اللہ الکافی جارہے ہیں ،یہ روزانہ ایک ہزار نوافل پڑھتے ہیں اورکچھ کھائے پئے بغیرمسلسل تین تین دن روزہ رکھتے ہیں ۔”ان کی یہ باتیں سن کر میں بڑا حیران ہو ا،اللہ عزوجل کی قسم ! میں نے آج تک کبھی بھی بیک وقت ایک دن میں ہزار نوافل نہیں پڑھے اورنہ ہی کبھی مسلسل تین دن بھوک وپیاس کی حالت میں گزارے لیکن لوگوں میں میرے متعلق ایسی باتیں مشہور ہونے لگی ہیں حالانکہ میں نے کبھی ایسے نیک اعمال نہیں کئے۔ ہاں! اتنا ضرور ہے کہ میرے ساتھ ایک واقعہ پیش آیا ہے اگر تم جاننا چاہو تو بتاؤں۔” میں نے عرض کی:” حضور! ضرور ارشاد فرمائیں کہ وہ واقعہ کیا ہے جس کی وجہ سے آپ کو یہ مقام ومرتبہ ملا کہ لوگوں کے دلوں میں آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی محبت بیٹھ گئی ہے؟ ”
حضرت سیدنا بشر حافی علیہ رحمۃ اللہ الکافی نے فرمایا:”ایک مرتبہ مَیں کہیں جارہا تھا کہ اچانک میری نظر زمین پر پڑے ہوئے کاغذ کے ایک ٹکڑے پر پڑی، اس کاغذ پر میرے رحیم وکریم پروردگار عزوجل کا نام لکھا ہوا تھا۔یہ دیکھ کر مَیں تڑپ اٹھا کہ میرے پروردگارعزوجل کے نام کی بے حرمتی ہورہی ہے۔مَیں نے فوراً بصد عقیدت واِحترام وہ کاغذ کا ٹکڑا اُٹھا یا اورسیدھا نہر کی طرف چل دیا ۔وہاں جا کر اس کاغذ کو اچھی طرح دھویا۔اس وقت میرے پاس پانچ دانق تھے ۔مَیں نے چار دانق کی خوشبو خریدی اور بقیہ ایک دانق سے عرقِ گلاب خریدااور بڑی محبت وعقیدت سے اس کاغذ پر خوشبو ملنے لگا جس پر میرے پاک پروردگار عزوجل کا نام ِپاک لکھا ہوا تھاپھر اس کاغذ کو عرق ِگلاب میں ڈال کر ایک متبرک مقام پر رکھ کر اپنے گھر چلا آیا۔”
جب رات کو سویا تو کوئی کہنے والا کہہ رہا تھا:”اے بشر حافی (علیہ رحمہ اللہ الکافی )! جس طرح تُو نے ہمارے نام کو مُعَطَّر ومُطَہَّرکیا اسی طرح ہم بھی تیرا ذکر بلند کریں گے ۔ جس طرح تُو نے اس کاغذ کو دھویا جس پرہمارا نام لکھاتھا اسی طرح ہم بھی تیرے دل کو خوب پاک کردیں گے اورتیرا خوب چرچا ہوگا۔ ”
(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی علی وسلم

(اے میرے رحیم وکریم پروردگار عزوجل !ہم تیری رحمت پہ قرباں! تُو واقعی بہت مغفرت فرمانے والا ہے، تُو جسے چاہے جو مقام ومرتبہ عطافرما دے ، اے ہمارے رحیم وکریم پروردگار عزوجل ! ہم پر بھی اپنا خصوصی کرم فرما، اپنی دائمی محبت سے ہم فقیروں کی جھولیاں بھر دے ، اپنے ذکر کی لذَّت سے ہم بے سکونوں کو سکون عطافرما اوراپنے جلوؤں سے ہمارے تاریک دلوں کو منوَّر فرما۔ اے ہمارے پالنہار! تُو اپنے نام کی قدر کرنے والوں کو اندھیروں سے نکال کر آسمانِ ولایت کے ایسے تابندہ ستارے بنا دیتا ہے کہ جن کی روشنی سے غفلت کے اندھیروں میں بھٹکے ہوؤں کو سیدھی راہ ملتی ہے ۔ اے ہمارے پروردگار عزوجل ! تیرا شکر ہے کہ تُو نے ہمیں مسلمان بنایا ، ہمارے دِلوں میں تیرا نام بسا ہوا ہے ، ہماری زبانوں پر تیرے پاک نام کا وِرد جاری رہتاہے۔ اے ہمارے مولیٰ عزوجل!جو تیراپاک نام ہمارے دِلوں پر کندہ اور ہماری زبانوں پر جاری ہے اسی کی برکت سے ہمارے بھی دلوں کو پاک وصاف فرما، گناہوں سے نفرت اور اپنے نام کی لذت عطافرمااوراس کی برکت سے ہمیں جہنم کے عذاب سے محفوظ رکھ۔ ہمیں تجھ سے اور تیرے بابرکت اَسماء سے محبت ہے ۔ اسی محبت کے صدقے ہماری مغفرت فرما،ہمیں اپنی دَائمی رضا سے مالا مال فرما اور اپنی ولایت کی خیرات عطا فرما۔ آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم)
؎ تُو اپنی ولایت کی خیرات دے دے میرے غوث کا واسطہ یا الٰہی عزوجل!

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!