حج و عمرہ اِکٹھاکرنے کی فضیلت:
حج و عمرہ اِکٹھاکرنے کی فضیلت:
حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہماسے مروی ہے کہ حُسنِ اَخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور، مَحبوبِ رَبِّ اَکبر عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ”حج و عمرہ اکٹھا کرو کہ یہ محتاجی اورگناہوں کواس طرح دور کردیتاہے جس طرح بھٹی لوہے کے میل کو ۔”
(سنن النساءی،کتاب مناسک الحج ، باب فضل المتا بعہ بین الحج والعمرہ ،الحدیث ۲۶۳۱ ، ص ۲۲۵۸)
حضرتِ سیِّدُناابوہریرہ رضی اللہ تعا لیٰ عنہ سے مروی ہے، شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، صاحبِ معطر پسینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ مغفرت نشان ہے : ”حج اور عمرہ کرنے والے اللہ عزَّوَجَلَّ کا گروہ ہیں، اگر وہ اس سے کوئی دعاکریں تووہ قبول فر ما تا ہے اور اگر مغفر ت طلب کر یں تو بخش دیتاہے۔” (سنن ابن ماجۃ،ابواب المناسک ،باب فضل دعاء الحج ، الحدیث ۲۸۹۲، ص ۲۶۵۲)
دوسری روایت یوں ہے کہ ” حج وعمرہ کرنے والے اللہ عزَّوَجَلَّ کا گروہ ہیں، اگروہ اس سے کوئی چیز مانگیں تووہ عطا فرماتا ہے، اوراگر اس سے مغفرت طلب کریں تو وہ انہیں معاف فرما دیتا ہے،اگر وہ اس سے دعا کریں تو قبول فرماتا ہے اور اگر سفارش کریں تو بھی قبول فرماتا ہے ۔”
(احیاء علوم الدین،کتاب اسرارالحج،الباب الاول،الفصل الاول،فی فضائل الحج،ج۱، ص۳۲۲)
حضرتِ سیِّدُنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضورنبئ پاک، صاحبِ لَوْلاک، سیّاحِ اَفلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشادفرمایا: ”ایک عمرہ دوسرے عمرہ کے مابین گناہوں کا کفارہ ہے اور حجِ مبرورکی جزا جنت ہی ہے ۔” (صحیح البخاری ،کتاب العمرہ ، باب وجوب العمرہ وفضلھا ،الحدیث ۱۷۷۳، ص ۱۳۹)