Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
ذَوقِ نَعت ۱۳۲۶ھ برادرِ اعلیٰ حضرت شہنشاہِ سخن مولانا حسن رضا خانشاعری

کیا خدا داد آپ کی اِمداد ہے

کیا خدا داد آپ کی اِمداد ہے
اک نظر میں شاد ہر ناشاد ہے

مصطفیٰ تو برسرِ اِمداد ہے
عفو تو کہہ کیا ترا اِرشاد ہے

بن پڑی ہے نفسِ کافر کیش کی
کھیل بگڑا لو خبر فریاد ہے

اس قدر ہم اُن کو بھولے ہائے ہائے
ہر گھڑی جن کو ہماری یاد ہے

نفسِ اَمَّارہ کے ہاتھوں اے حضور
داد ہے بیداد ہے فریاد ہے

پھر چلی بادِ مخالف لو خبر
ناؤ پھر چکرا گئی فریاد ہے

کھیل بگڑا ناؤ ٹوٹی میں چلا
اے مِرے والی بچا فریاد ہے

رات اندھیری میں اکیلا یہ گھٹا
اے قمر ہو جلوہ گر فریاد ہے

عہد جو اُن سے کیا روزِ اَلست
کیوں دِلِ غافل تجھے کچھ یاد ہے

میں ہوں میں ہوں اپنی امت کے لئے
کیا ہی پیارا پیارا یہ اِرشاد ہے

وہ شفاعت کو چلے ہیں پیشِ حق
عاصیو تم کو مبارکباد ہے

کون سے دل میں نہیں یادِ حبیب
قلبِ مومن مصطفیٰ آباد ہے

جس کو اس در کی غلامی مل گئی
وہ غمِ کونین سے آزاد ہے

جن کے ہم بندے وہی ٹھہرے شفیع
پھر دلِ بیتاب کیوں ناشاد ہے

اُن کے در پر گر کے پھر اُٹھا نہ جائے
جان و دل قربان کیا اُفتاد ہے

یہ عبادت زاہدو بے حب دوست
مفت کی محنت ہے سب برباد ہے

ہم صفیروں سے ملیں کیونکر حسنؔ
سخت قید اور سنگدل صیاد ہے

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!