Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

اہلِ خانہ کی اسلامی تعلیم وتَرْبِیَت لازم ہے

اہلِ خانہ کی اسلامی تعلیم وتَرْبِیَت لازم ہے

معلوم ہواکہ جہاں مسلمان پر اپنی اصلاح کرنا ضروری ہے وہیں  اہلِ خانہ کی اسلامی تعلیم و تَرْبِیَت کرنا بھی اس پر لازم ہے ، لہٰذا ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ خود بھی علمِ دین سیکھ کر اُس پر عمل کرے اور اپنے بیوی بچّوں اور گھر کے ان افراد کو جو اس کے ماتحت ہیں اسلامی احکامات کی تعلیم دے یادلوائے تاکہ وہ اور اُس کے اہلِ خانہ جہنّم کی آگ سے محفوظ رہ سکیں ۔ حضرت سیّدُنا عبدُاللہ بن عُمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے رِوایت ہے ، رسولِ کریم ، رؤفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : تم میں سے ہر شخص نگہبان  ہے اور ہر ایک سے اس کے ماتحتوں کے بارے میں سوال کیا جائے گا ، چنانچہ حاکم نگہبان ہے ، اُس سے اُس کی رِعایا کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ آدمی اپنے اہلِ خانہ پر نگہبان ہے ، اس سے اس کے اہلِ خانہ کے بارے سُوال کیا جائے گا۔ عورت اپنے شوہر کے گھر میں  نگہبان ہے ، اس سے اس کے بارے میں  پوچھا جائے گا ، خادم اپنے مالک کے مال میں  نگہبان ہے ، اس سے اس کے بارے میں سوال ہو گا ، آدمی اپنے والد کے مال میں نگہبان ہے ، اس سے اس کے بارے میں پوچھا جائے گا ، الغرض تم میں سے ہر شخص نگہبان ہے اس سے اس کے ماتحتوں کے بارے میں سوال ہوگا۔ (1)
مفسر شہیر ، حکیمُ الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ یہ نہ سمجھو کہ صرف بادشاہ سے ہی اس کی رِعایا کا سوال ہوگا ہم آزاد رہیں گے ، نہیں بلکہ ہرشخص سے اپنے ماتحت لوگوں کے متعلِّق سوال ہوگا کہ تم نے ان کے دینی و دُنیاوی حُقوق ادا کیے یا نہیں ؟مزید فرماتے ہیں : مرد سے سوال ہوگا کہ تو نے اپنی بیوی بچّوں کے شَرْعی حُقوق ادا کیے یا نہیں ، جن کا خرچہ تیرے ذِمّہ تھا انہیں خرچ دیا یا نہیں اور جن کی تعلیم تجھ پر لازم تھی انہیں تعلیم دی یا نہیں ۔ (2)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آج کل نماز روزے کے ساتھ ساتھ گھر کی خواتین کو پردے کی تعلیم دینا اور اس کی اہمیَّت سمجھانا بہت ضروری ہے کیونکہ فی زمانہ مسلم  مُعاشَرہ جن  بُرائیوں کے سمندر میں ڈوبتا جا رہا ہے ان میں سے ایک بے پردَگی بھی ہے۔ جس کی وجہ سےمُسْلِم مُعاشَرہ  تباہی کے دہانے پر آکھڑا ہوا ہے لہٰذا ہرمرد و عورت  پر لازم ہے کہ بُری خصلتوں اور خراب عادتوں سے اپنے آپ کو  بچانے کے علاوہ پردے کی بھی سخت پابندی کریں خصوصاً مرد اپنے اہل و عیال کو پردے کی تاکید  کرتے ہوئے اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  کا خوف دلاتا رہے۔ آئیے نیکی کی دعوت نہ دینے کے انجام سے متعلِّق ایک حدیثِ پاک مُلاحَظہ کیجئے :
________________________________
1 –   بخاری ، کتاب الـجمعة ،  باب الـجمعة فی القری والـمدن ،  ۱ / ۳۰۹ ،  حدیث :  ۸۹۳
2 –   مرآۃ  المناجیح ، ۵ / ۳۵۱ تا ۳۵۲ ملتقطا

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!