Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

جانوروں کے حقوق

اﷲ تعالیٰ رحمٰن و رحیم اور ارحم الراحمین ہے اور اس کے پیارے رسول رحمۃ للعالمین ہیں۔ اس لئے اسلام جو خدا کا بھیجا ہوا اور رسول کا لایا ہوا دین ہے اس لئے اس دین میں جانوروں کے بھی کچھ حقوق ہیں جن کا ادا کرنا ہر مسلمان پر ضروری ہے۔ جانوروں کے چند حقوق یہ ہیں۔
(۱)جن جانوروں کا گوشت کھانا حرام ہے جب تک وہ ایذانہ پہنچائیں بلا ضرورت ان کو قتل کرنا منع ہے۔
(۲)جن جانوروں کا گوشت حلال ہے ان کو بھی جبکہ کھانے کے لئے نہ ہو بلکہ محض تفریح کے لئے بلا ضرورت قتل کرنا۔ جیسا کہ بعض شکاری لوگ کھانے یا کوئی فائدہ اٹھانے کے لئے نہیں شکار کرتے بلکہ شکار کھیلتے ہیں یعنی محض کھیل کود کے طور پر جانوروں کا خون کر کے ان کو ضائع کر دیتے ہیں۔ یہ شریعت میں جائز نہیں ہے۔
(۳)جو پالتو جانور کام کرتے ہیں ان کو گھاس چارہ اور پانی دینا فرض ہے۔ اور ان کی طاقت سے زیادہ ان سے کام لینا یا بھوکا پیاسا رکھنا اور بلا ضرورت خصوصاً ان کے چہروں پر مارنا گناہ اور ناجائز ہے۔
(۴)پرندوں کے بچوں کو گھونسلوں سے نکال لینا یا پرندوں کو پنجروں میں بند کردینا اور بلا ضرورت ان پرندوں کے ماں باپ اور جوڑے کو دکھ پہنچانا بہت بڑی بے رحمی اور ظلم ہے جو کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں ہے۔
(۵)بعض لوگ کسی جاندار کو باندھ کر لٹکا دیتے ہیں اور اس پر غلیل یا بندوق سے نشانہ بازی کی مشق کرتے ہیں یہ بھی پرلے درجے کی بے رحمی اور ظلم ہے جو ہر مسلمان کے لئے حرام ہے۔
(۶)جن جانوروں کو ذبح کرنا ہو یا موذی ہونے کی وجہ سے قتل کرنا ہو تو مسلمان کے لئے لازم ہے کہ اس کو تیز دھار ہتھیار سے بہت جلد ذبح یا قتل کردے۔ کسی جانور کو تڑپا تڑپا کر یا بھوکا پیاسا رکھ کر مارڈالنا یہ بھی بڑی بے رحمی ہے جو ہر گز ہرگزاسلام میں جائز نہیں ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!