Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

تعارُفِ امامِ اعظم علیہ رحمۃ اللہ الاکرم:

تعارُفِ امامِ اعظم علیہ رحمۃ اللہ الاکرم:

سراج الامہ، امام الائمہ حضرت سیِّدُنا امامِ اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا پورا نام ابوحنیفہ نعمان بن ثابت بن زُوَطی ہے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ 80 سنِ ہجری انبار میں پیدا ہوئے، 150ھ میں وفات پائی اور 70 سال کی عمر پائی۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولادت باسعادت صحابۂ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے مبارک دَور میں ہوئی اور تابعین کے دور میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ عظیم فقیہہ بن گئے۔ حضرت سیِّدُناابو بکر بن ثابِت مؤرخ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ حضرت سیِّدُنا امامِ اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دادا ابوثابت نے حضرت سیِّدُنا علی بن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو نوروز(یعنی آتش پرستوں کے قومی تہوار) کے دن ہدیہ میں فالودہ پیش کیا۔بعض نے کہا:وہ مہرجان (یعنی آتش پرستوں کے سب سے بڑے قومی تہوار)کا دن تھا۔ امامِ اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے والد ِماجدحضرت سیِّدُناثابت رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:”میں امیرُالمؤمنین حضرت سیِّدُنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْھَہُ الْکَرِیْم کی اس دعا کی برکت سے ہوں جو انہوں نے میرے حق میں فرمائی ۔” حضرت سیِّدُناضمری رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ حضرت سیِّدُناامام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ہیئت وحالت، چہرہ ، لباس اور جوتے اچھے ہوتے تھے اور اپنے پاس آنے والے ہر شخص کی مدد فرماتے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قد درمیانہ تھا، نہ زیادہ لمبا تھا، نہ پست۔تمام لوگو ں سے زیادہ اَحسن انداز میں کلام فرماتے ۔ ایک مرتبہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی گود میں سانپ گر گیا۔ لوگوں نے بھاگنا شروع کر دیا لیکن آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سانپ کو ہٹا دیا اور خود وہیں بیٹھے رہے اور بالکل اِدھراُدھر نہ ہوئے۔ حضرت سیِّدُنا ابونعیم علیہ رحمۃ اللہ الرحیم فرمایا کرتے: ”امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ خوبصورت چہرے اور ستھرے کپڑوں والے، اچھی خوشبو والے، بہت کَرَم فرمانے والے اور اپنے بھائیوں کی مدد فرمانے والے تھے۔ اور آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بہت بڑے عابد وزاہد، اللہ عَزَّوَجَلَّ کی معرفت اور اس کا خوف رکھنے والے تھے، اپنے علم سے ہمیشہ رضائے الٰہی عَزَّوَجَلَّ تلاش کرتے۔ (تاریخ بغداد، الرقم۷۲۹۷، النعمان بن ثابت ابوحنیفۃ التیمی، ج۱۳، ص۳۲۷۔۳۳۱۔ ۳۳۷)

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!