islamنعتیہ ادبی
حمد طاہرسلطانی
حمد
صِرف خدا کا دونوں جہاں میں ، نام و نشاں ہے جگمگ جگمگ
کہتا ہے قرآن مبیں یہ ، رب کا بیاں ہے جگمگ جگمگ
ارض و سما کا خالق و مالک ، تُو ہی ہے معبود ہمارا
نور سے تیرے امبر دھرتی سارا جہاں ہے جگمگ جگمگ
حمدِ رب ہے سب سے اعلیٰ ، امن کا نغمہ نور کا ہالا
حمد سے نسبت جس کو ہوئی ہے ، اس کا جہاں ہے جگمگ جگمگ
حمد خدا کی کرتے رہنا سرورِ دیںﷺ کی سنّت ہے یہ
اس رستے پر چلنے والا ، نور فشاں ہے جگمگ جگمگ
بزمِ جہانِ حمد سجی ہے ہر لب پر تعریف ہے رب کی
من آنگن میں یوں لگتا ہے ، کاہکشاں ہے جگمگ جگمگ
خالق و مالک تیرے کرم سے ، تیرے حبیب ﷺ کے صدقے ہی میں
یہ بھی جہاں ہے جگمگ جگمگ وہ بھی جہاں ہے جگمگ جگمگ
حمدِ خدا کی رحمت ہی سے میری ایک اک حمد کے طاہرؔ
لفظ و معانی روشن روشن طرزِ بیاں ہے جگمگ جگمگ
طاہرسلطانی