Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

عَفْو و دَرگزر کی فضیلت

عَفْو و دَرگزر کی فضیلت

حضرت انس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے رِوایت ہے ، تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : جب لوگ حساب کیلئے ٹھہرے ہوں گے تو اس وقت ایک مُنادی یہ اعلان کرے گا : جس کا اجر اللہ تعالیٰ کے ذِمّۂ کرم پر ہے وہ اٹھے اور جنّت میں داخل ہو جائے۔ پھر دوسری بار اعلان کرے گا کہ جس کا اجر اللہ تعالیٰ کے ذِمّۂ کرم پر ہے وہ اٹھے اور جنّت میں داخل ہو جائے۔ پوچھا جائے گا کہ وہ کون ہے جس کا اجر اللہ تعالیٰ کے ذِمّۂ کرم پر ہے۔ منادی کہے گا : ان کا جو لوگوں (کی خطاؤں ) کو معاف کرنے والے ہیں ۔ پھر تیسری بار منادی اعلان کرے گا : جس کا اجر اللہ تعالیٰ کے ذِمّۂ کرم پر ہے وہ  اٹھے اور جنّت میں داخل ہو جائے۔ تو ہزاروں آدمی کھڑے ہوں گے اور بلاحساب جنّت میں داخل ہو جائیں گے۔ (1)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!
صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے کہ لوگوں کے ساتھ نرم رَوَیّہ رکھنے ، غصے کے وقت ضَبْط و تحمل رکھنے اور لوگوں کی غلطیوں کو نظر انداز کردینے کے کیسے فضائل ہیں لہٰذا میاں بیوی کو چاہئے کہ ایک دوسرے کی بُرائیوں اور خامیوں پر ہی نظر نہ رکھیں بلکہ اچھائیوں اور خُوبیوں کو بھی پیشِ نظر رکھیں ۔ مثلاً : جب بیوی سے کوئی ایسی بات سرزد ہوجائے جو شوہر کے غصے کا سبب بنے تو شوہر اسے مارنے پیٹنے کے بجائے سوچے کہ وہ اپنے ماں باپ ، بھائی بہن ، رشتے دار ، سہیلیوں اور اپنے گھر کو چھوڑ کر صرف میرے لئے یہاں آئی ہے ، وہ میری دن رات خدمت کرتی ہے ، میرے بچّوں کی دیکھ بھال کرتی ہے ، میرے مال کی حفاظت کرتی ہے ، میرے گھر کی صفائی ستھرائی کرتی ہے ، میرے لئے کھانا پکاتی ہے ، میرے کپڑے دھوتی اور استری  کرتی ہے ، بیمار ہونے پر تیمار داری کرتی ہے ، دیگر گھر کے اَفْراد کی بھی کام میں مدد و خیر خواہی کرتی ہے ، لہٰذا مجھے اس سے انتقام نہیں لینا چاہئے بلکہ اسے معاف کردینا چاہئے اور غُصّہ ختم ہونے کے بعد اسے اچھے طریقے سے سمجھانا چاہئے۔ اسی طرح اگر شوہر سے کبھی کوئی ایسی بات سرزد ہوجائے جو بیوی کو غصے میں مبُتلا کرنے کا سبب بنے تو بیوی کو چاہئے کہ وہ شوہر کے ساتھ بدزبانی  اور لڑائی جھگڑا کرنے کے بجائے خاموش رہے اور سوچے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے مجھ پر حاکم بنایا ہے ، یہ میرا محافظ ہے ، اس کے ہوتے کوئی میری طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھ سکتا ، یہ غموں کی دھوپ میں میرے لئے سائبان ہے ، یہ میرے لئے کھانے پینےاور لباس کا انتظام کرتا ہے ، میرے اور میرے بچّوں کے لئے خون پسینہ ایک کرکے حلال روزی کماتا ہے ، میرے اور میرے بچّوں کے بیمار پڑجانے پر دوا کا انتظام کرتا ہے ، میرے بچّوں کے تعلیمی اَخْراجات اٹھاتا ہے لہٰذا مجھے مثبت انداز سے اس کے ساتھ پیش آنا چاہئے ، اس کی باتوں کو برداشت کرنا چاہئے ، اس کیلئے اپنے دل میں نرم گوشہ رکھنا چاہئے اور ناراضی کے وقت اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دینا چاہئے بلکہ اسے مَنا کر اس کا غُصّہ ٹھنڈا کرنا چاہئے۔

________________________________
1 –   معجم اوسط ،  ۱ / ۵۴۲ ، حدیث : ۱۹۹۸

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!