Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

شجرکاری کے مَعاشی اور مُعاشرتی فَوائد

شجرکاری کے مَعاشی اور مُعاشرتی فَوائد

سُوال : شجرکاری سے کیا کیا مَعاشی اور مُعاشرتی فَوائد حاصِل ہوتے ہیں ؟
جواب : شجر کارى (یعنی درخت لگانے )کے ذَریعے بہت سے مَعاشى اور مُعاشرتى فَوائد حاصِل ہوتے ہىں مثلاً دَرخت لکڑى کے حُصُول کا ذَریعہ ہیں اور لکڑی کا اِنسانی ضَروریات کو پوری کرنے میں کلیدی کِردار ہے ۔ فرنیچر، کھڑکیاں، دروازے اور مکان کی چھتیں وغیرہ بنانے کے لیے اب بھی زیادہ تر لکڑی کا ہی اِستعمال ہوتا ہے ۔ بِلامُبالغہ لکڑی کی صنعت سے مُعاشرے کے ایک بہت بڑے طبقے کا روزگار وابستہ ہے ۔ بالفرض اگر لکڑی دُنیا سے ختم ہوجائے تو اِنسانی زندگی بہت زیادہ متاثر ہو جائے کیونکہ اِنسان کو زندہ رہنے کے لیے کھانا چاہیے اور کھانا پکانے کے لیے آگ اور آگ جَلانے کے لیے لکڑی کا اِستعمال اب بھی ناگزیر ہے ۔
٭موجودہ دور میں کاغذ بھی اِنسانی زندگی کی بنیادی ضَرورت کا رُوپ دَھار چکا ہے ۔ پرنٹنگ پریس، اسٹیشنری اور دِیگر کئی شعبے کاغذ کے بل بوتے پر ہی قائم ہیں ۔ اگر دَرخت ختم ہوجائیں تو کاغذ سے وابستہ سارے شعبے بھی بند ہو جائیں اس لیے کہ کاغذ کا حُصُول دَرختوں کی ہی مَرہونِ منّت ہے ۔

٭اِنسانی صحت کے لیے پھلوں اور میوہ جات کی اَہمیت کا بھی کوئی سمجھ بوجھ رکھنے والا اِنکار نہیں کر سکتا اور یہ دَرخت ہی ہیں جو اِنسان کو اَنواع واَقسام کے پھل اور میوے مہیا کرتے ہیں بلکہ کئی پرندے اور جانور بھی ان پھلوں کو کھا کر ہی جیتے ہیں ۔ اس کے علاوہ مُعاشرے میں بہت سے اَفراد کی معیشت باغبانی اور پھل فروشی سے جڑی ہوئی ہے ۔
٭بیماری سے محفوظ رہنے یا بیماری سے جان چھڑانے کے لیے جڑی بوٹیوں کا اِستعمال اِنسانی تاریخ کا حصّہ ہے اور یہ بات کسی سے بھی پوشیدہ نہیں کہ جڑی بوٹیاں دَرختوں اور پودوں سے ہی حاصِل کی جاتی ہیں ۔ یہاں یہ بات بھی ذہن نشین کر لیجیے کہ جو دَوا دَرخت یا پودے کی جڑ سے حاصِل ہو اُسے ”جڑی“ اور جو اوپر اُگی ہو اُسے ”بوٹی“ کہتے ہیں ۔
٭مِسواک کرنا ہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کی میٹھی میٹھی سُنَّت ہے ، اِس سُنَّت کی اَدائیگی کے لیے بھی شجرکاری کرنی ہو گی کیونکہ مِسواک دَرختوں سے ہی حاصِل ہوتی ہے ۔
٭قحط سالى یعنی بارشوں کا بند ہوجانا اِنسانوں کے ساتھ ساتھ پرندوں، جانوروں اور حشراتُ الارض کی سانسوں کی ڈوری ٹوٹنے کا بھی پیغام ہے ۔ بارش ہوتی ہے تو اَناج اور سبزہ اُگتا ہے اور جاندار اپنی اپنی غذائیں کھاکر زندگی کی شمع روشن رکھتے ہیں ۔ تو ان بارشوں کو بَرسانے میں بھی دَرختوں کا کِردار ہے اس لیے کہ

دَرخت اپنى جڑوں مىں جَذب شُدہ پانى کو ہوا مىں خارِج کرتے ہىں جس سے فضا میں نَمی پیدا ہوتی ہے ۔ پھر ىہ نَمى بادل بناتی ہے اور وہ بادل رِم جھم رِم جھم بَرسنا شروع ہوجاتے ہیں ۔ زمىن زَرخىز ہوکر اَناج، پھل اور سبزیاں اُگاتی ہے ۔ دَرخت اپنی جڑوں میں پانی محفوظ کرلیتے ہیں اور پھر قحط سالی کے اَیّام میں زمىن کو پانى فَراہم کر کے بنجر ہونے سے بچاتے ہیں ۔ اگر دَرخت نہ ہوں تو بارشیں بھی نہ ہوں لہٰذا زندہ رہنے کے لیے شجرکاری ضَروری ہے ۔
٭شور شرابا اِنسان کے لیے بے سکونی اور ذہنی تناؤ کا سبب بنتا ہے ۔ نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دَرخت شور شرابے کو اپنے اَندر جَذب کر کے پُرسکون ماحول فَراہم کرتے ہیں، اِسی بِنا پر انڈسٹریل ذون یعنی جہاں بہت ساری فیکٹریاں ہوں اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ دَرخت لگائے جاتے ہیں تاکہ شور شرابا کم کرکے ماحول پُرسکون بنایا جاسکے ۔
٭کپڑا اِنسان کی بنیادی ضَرورت ہے اس کے بغیر زندگی گزارنا بھی اِنتہائی دُشوار ہے ۔ لاکھوں لاکھ اِنسانوں کا روزگار کپڑے کی صنعت سے جڑا ہوا ہے ۔ ہماری اس ضَرورت کو پورا کرنے کا سہرا بھی دَرختوں کے سر ہے اس لیے کہ کپڑا کپاس (Cotton ) کے پودے سے حاصِل ہوتا ہے ۔
٭دَرختوں اور پودوں کے طِبّى فَوائد کے ساتھ ساتھ طَبعى فَوائد بھى ہىں مثلاً اولاد کى پىدائش میں مُعاون قوّت کے لىے بھى دَرخت مُفىد ہوتے ہىں ۔

ماہرین کے مُطابق دَرختوں کے دَرمىان رہنے والے اِنسان کى تخلىقى صَلاحیتوں مىں اِضافہ ہوتا ہے ۔ اِسی بِناپر شہری علاقوں میں قائم تعلیمی اِداروں کے گرد زیادہ سے زیادہ دَرخت لگائے جاتے ہیں تاکہ طلبا کی تخلیقی صَلاحیتوں میں خوب اِضافہ ہو ۔ بہرحال دَرختوں کے بہت سے فَوائد ہیں جنہیں پانے کے لیے خوب خوب دَرخت لگانے کی حاجت و ضَرورت ہے ۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!