ہم نے تقصیر کی عادت کرلی
ہم نے تقصیر کی عادت کرلی
آپ اپنے پہ قیامت کرلی
میں چلا ہی تھا مجھے روک لیا
مِرے اللّٰہ نے رحمت کر لی
ذِکرِ شہ سن کے ہوئے بزم میں محو
ہم نے جلوت میں بھی خلوت کر لی
نارِ دوزخ سے بچایا مجھ کو
مِرے پیارے بڑی رحمت کرلی
بال بیکا نہ ہوا پھر اس کا
آپ نے جس کی حمایت کرلی
رَکھ دیا سر قدمِ جاناں پر
اپنے بچنے کی یہ صورت کرلی
نعمتیں ہم کو کھلائیں اور آپ
جو کی روٹی پہ قناعت کرلی
اس سے فردوس کی صورت پوچھو
جس نے طیبہ کی زِیارت کرلی
شانِ رحمت کے تصدق جاؤں
مجھ سے عاصی کی حمایت کر لی
فاقہ مستوں کو شکم سیر کیا
آپ فاقہ پہ قناعت کرلی
اے حسنؔ کام کا کچھ کام کیا
یا یوہیں ختم پہ رخصت کرلی
جنتی محل
فرمانِ مصطفیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم : جسے یہ پسند ہوکہ اُس کے لیے (جنت میں ) محل بنایا جائے اور اس کے درَجات بلند کیے جائیں ، اسے چاہیے کہ جو اس پرظلم کرے یہ اُسے معاف کرے اورجو اُسے محروم کرے یہ اُسے عطا کرے اورجو اُس سے قَطعِ تعلق کرے یہ اُس سے ناطہ(یعنی تعلق)جوڑے ۔ (مستدرک حاکم ، ۹ / ۱۳۸، الحدیث : ۲۳۵۸۹دارالمعرفۃ بیروت)