خانہ کعبہ شریف شفاعت فرمائے گا
خانہ کعبہ شریف شفاعت فرمائے گا:
حضرتِ سیِّدُنا وہب بن منبِّہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں، تورات شریف میں ہے کہ”اللہ عزَّوَجَلَّ بروزِ قیامت اپنے سات لاکھ مقرَّب فرشتوں کو بھیجے گا، جن میں سے ہر ایک کے ہاتھ میں سونے کی ایک زنجیرہوگی۔ اللہ عزَّوَجَلَّ فرمائے گا: ”جاؤ! اور بیت اللہ شریف کو ان زنجیروں میں باندھ کر محشرکی طرف لے آؤ۔” فرشتے جائیں گے، ان زنجیروں سے باندھ کر کھینچیں گے اور ایک فرشتہ پکارے گا: ”اے کعبۃ اللہ!چل ۔” توکعبہ مبارکہ کہے گا:”میں نہیں چلوں گا جب تک میرا سوال پورانہ ہو جائے۔”
فضائے آسمانی سے ایک فرشتہ پکارے گا : ”توُ سوال کر۔” تو کعبہ عرض کریگا :”اے اللہ عزَّوَجَلَّ!تو میرے پڑوس میں دفن مؤمنین کے حق میں میری شفاعت قبول فرما۔” تو کعبہ شریف کو ایک آواز سنائی دے گی: ”میں نے تیری درخواست قبول فرما لی۔”
حضرتِ سیِّدُنا وہب بن منبہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں: ”پھر مکہ کے مُردوں کو اُٹھایا جائے گا جن کے چہرے سفید ہوں گے۔ وہ سب احرام کی حالت میں کعبہ کے گرد جمع ہو کر تلبیہ( یعنی لبیک )کہہ رہے ہوں گے۔ پھر فرشتے کہیں گے: ”اے کعبہ!اب چل۔” تو وہ کہے گا:”میں نہیں چلوں گا یہاں تک کہ میری درخواست قبول ہوجائے۔” توفضائے آسمانی سے ایک فرشتہ پکارے گا: ”تو مانگ،تجھے دیا جائے گا۔”تو کعبہ شریف کہے گا :”اے اللہ عزَّوَجَلَّ! تیرے گنہگار بندے جو اکٹھے ہو کر دُور دُور سے غبار آلود ہو کر میرے پاس آئے۔ انہوں نے اپنے اہل وعیال اور احباب کو چھوڑا۔ انہوں نے فرمانبرداری اور زیارت کے شوق میں نکل کر تیرے حکم کے مطابق مناسکِ حج ادا کئے۔ تو میں تجھ سے سوال کرتاہوں کہ ان کے حق میں میری شفاعت قبو ل فرما، ان کو قیامت کی گھبراہٹ سے امن میں رکھ اور انہیں میرے گرد جمع فرمادے۔”
توایک فرشتہ ندادے گا: ”ان میں ایسے لوگ بھی ہوں گے جنہوں نے تیرے طواف کے بعد گناہوں کا ارتکاب کیا ہو گا اور ان پر اصرار کرکے اپنے اوپر جہنم واجب کرلی ہوگی۔ ”تو کعبہ عرض کریگا:”اے اللہ عزَّوَجَلَّ!میں تجھ سے ان گنہگاروں کے حق میں شفاعت قبول ہونے کا سوال کرتاہوں جن پر جہنم واجب ہو چکی ہے۔” تو اللہ عزَّوَجَلَّ فرمائے گا: ”میں نے ان کے حق میں تیری شفاعت قبول فرمائی ۔”تو وہی فرشتہ ندا کریگا:”جس نے کعبہ کی زیارت کی تھی وہ لوگوں سے الگ ہو جائے۔” اللہ عزَّوَجَلَّ ان سب کو کعبہ کے گرد جمع کردے گا۔ ان کے چہرے سفید ہوں گے اوروہ جہنم سے بے خوف ہو کر طواف کرتے ہوئے تلبیہ کہیں گے۔پھر فرشتہ پکارے گا:اے کعبۃ اللہ!چل توکعبہ شریف تلبیہ کہے گا: لَبَّیْکَ اَللّٰھُمَّ لَبَّیْکَ، وَالْخَیْرُ کُلُّہ، بِیَدَیْکَ، لَبَّیکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ، اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ پھر فرشتے اس کو کھینچ کر محشرتک لے جائیں گے ۔
(احیاء علوم الدین،کتاب اسرار الحج،الباب الثانی،ج۱، ص۳۳۳، مختصر)
پاک ہے وہ ذات جس نے کعبہ مشرّفہ کو امن اور عزت والا گھر بنایا اور اس میں رہنے والے انسانوں اور جانوروں کو امان دی اورآبِ زَم زَم کے ساتھ خاص کیا اور مقامِ ابراہیم علیہ السلام کو فرض وواجب اورنوافل کی ادائیگی کے لئے قائم کیااور سعی کے لئے صفاومروہ کا انتخاب فرمایا اورجفا کے بدلے صلہ رحمی کو پیدا فرمایا۔۔
وَصَلَّی اللہ عَلٰی سیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِہٖ وَ صَحْبِہٖ وَ سَلَّم تَسْلِیْمًا کَثِیْرًا