islam
شورِ مہِ نَو سن کر تجھ تک میں دَواں آیا
شورِ مہِ نو سن کر تجھ تک میں دَواں آیا
ساقی میں ترے صدقے مے دے رمضاں آیا
اس گل کے سوا ہر پھول باگوش گراں آیا
دیکھے ہی گی اے بلبل جب وقتِ فغاں آیا
جب بامِ تجَلّی پر وہ نیّرِ جاں آیا
سر تھا جو گرا جھک کر دل تھا جو تپاں آیا
جنّت کو حَرم سمجھا آتے تو یہاں آیا
اب تک کے ہر اک کا منھ کہتا ہوں کہاں آیا
طیبہ کے سوا سب باغ پامالِ فنا ہوں گے
دیکھو گے چمن والو! جب عَہْدِ خزاں آیا
سر اور وہ سنگِ در آنکھ اور وہ بزمِ نور
ظالم کو وطن کا دھیان آیا تو کہاں آیا
کچھ نعت کے طبقے کا عَالم ہی نرالا ہے
سکتہ میں پڑی ہے عقل چکر میں گماں آیا
جلتی تھی زمیں کیسی تھی دھوپ کڑی کیسی
لو وہ قدِ بے سایہ اب سایہ کناں آیا
طیبہ سے ہم آتے ہیں کہیے تو جناں والو
کیا دیکھ کے جیتا ہے جو واں سے یہاں آیا
لے طوقِ اَلم سے اَب آزاد ہو اے قُمری
چٹھی لیے بخشِش کی وہ سَروِ رواں آیا
نامہ سے رضاؔ کے اَب مٹ جاؤ بُرے کامو
دیکھو مِرے پلّہ پَر وہ اَچھے میاں آیا
بدکار رضاؔ خوش ہو بدکام بھلے ہوں گے
وہ اَچھے میاں پیارا اَچھوں کا میاں آیا
٭…٭…٭…٭…٭…٭