islam
حضرت شیخ الاسلام سرچشمۂ علوم اسلامیہ
حضرت شیخ الاسلام سرچشمۂ علوم اسلامیہ
ڈاکٹر مفتی محمدمکرم احمد صاحب نقشبندی
شاہی امام مسجد فتح پوری ، مسند نشین مفتی اعظم دہلی
شہزادۂ حضرت محدث اعظم ہند یعنی شیخ الاسلام حضرت سید محمد مدنی اشرفی جیلانی دامت برکاتہ کی ذات عظیم الصفات کے فضائل و مناقب اور آپ کی عظمت ورفعت کو احاطۂ تحریر میں لانا ممکن نہیں ہے ۔اناسی سال کے مقدس لمحات اورمبارک واقعات کو نیز جلیل القدر علمی اور روحانی خدمات کو کما حقہ کون بیان کر سکتا ہے ؟ جس مقدس خانوادہ کے آپ چشم و چراغ ہیں اس کا فیضان ہندستان میں ہی نہیں بلکہ اکناف عالم میں صدیوں سے جاری ہے ۔یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اس خانوادۂ جلیلہ نے صرف خانقاہی نظام کے تحت عقیدتمندوں کی روحانی تربیت نہیں فرمائی بلکہ ارباب علم و دانش نے علوم منقولہ و معقولہ میں ان بزرگوں سے بھر پور استفادہ کیا اور الحمد للہ آج بھی اس خانوادہ کی خدمات شہزادگان عالی مرتبت کے ذریعہ جاری ہے وساری ہے ۔
احقر کے جد امجد مفتی اعظم شاہ محمد مظہر اللہ رحمۃ اللہ علیہ ( م ۔۱۳۸۶ھ) ہر سال شاہی مسجد فتح پوری میں عید میلاد النبی ﷺ کی محافل کا انعقاد فرماتے تھے ۔احقر کے والد ماجد امام الملت مولانا شاہ محمد احمد ؒ ( م۔۱۳۹۱ھ)اور عم محترم مسعود ملت پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد رحمۃ اللہ علیہ ( کراچی ۔م:۱۴۲۸ھ) ان محافل کے انتظام و انصرام کے انچارچ ہوتے تھے ۔ہر سال حضرت محدث اعظم ہند اور حضرت صد ر الافاضل پابندی کے ساتھ اس جلسہ میں تشریف لاتے تھے ۔اپنے بزرگوں سے احقر نے جو حضرت محدث اعٖظم ہند کے فضائل سنے ہیں وہی فضائل مزید نکھار کے ساتھ حضرت شیخ الاسلام سید محمد مدنی اشرفی جیلانی دامت برکاتہم کی ذات میں دیکھے جار ہے ہیں یہ فیضان نظر کی کرامت بھی ہے اور خاندانی ولایت بھی نیز والدین کریمین کی خصوصی تربیت اور نگہداشت کا اثر بھی ہے ۔
جامعہ اشرفیہ میں شیخ الاسلام زیر تعلیم تھے اس وقت بھی آپ کے چہرۂ انور سے عظمتیں جھلک رہی تھیں سچ ہے مچھلی کے جائے کو تیرنا نہیں سکھایا جاتا ۔تب ہی سے آپ کی تنظیمی اور تحریکی صلاحیتیں منظر عام پر آرہی ہیں ۔۱۹۷۴ء میں دورۂ برطانیہ سے مشرق و مغرب یوروپ و ایشیا میں آپ کی خدمات کا اعتراف کیا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔مجھے خوشی ہے کہ سلسلہ اشرفیہ سے وابستگان اہل علم و فضل بڑے اہتمام کے ساتھ ۲۰۰۷ء سے ہر سال حضرت کی حیات و خدمات پرمحفل و سیمنار کراتے ہیں پھر ان مقالات کو جامع اور عام فہم اسلوب کے ساتھ شائع کرتے ہیں ۔حضرت کے نام سے منسوب تعلیمی ، فلاحی اور رفاہی ادارے ایشیا اور یورپ بالخصوص ہبلی کرناٹک میں خدمت خلق انجام دے رہے ہیں ۔اس سلسلے میں شیخ الاسلام ٹرسٹ احمد آباد ،گلوبل اسلامک مشن نیویارک امریکہ اورمدنی فاؤنڈیشن (ہبلی ) بالخصوص مولاناسید نثا راحمد چھگن اشرفی اور مولانا نعیم الدین اشرفی شیخ اور دیگر رفقاء و اراکین کی خدمات قابل قدر ہیں ۔
اللہ تعالی حضرت شیخ الاسلام کی عمر میں برکتیں عطافرمائے ۔آپ کا سایۂ عاطفت تادیر قائم رہے آپ سب ہی عاشقان کی سرپرستی فرماتے رہیں نیز دعا ہے کہ پروردگار عالم اپنے حبیب ﷺ کے وسیلہ سے فاونڈیشن کی خدمات کو قبول فرمائے اورملت کو زیادہ سے زیادہ استفادہ کی توفیق عطا فرمائے ۔