islam
(۳۴) سچ بولنا
سچ بولنا بھی جنت میں لے جانے والا عمل ہے۔ اس کے متعلق بھی چند حدیثوں کے تراجم پڑھ کر عبرت حاصل کیجئے اور خدا کے دربار میں صدیق کا لقب حاصل کرکے دونوں جہان کے اعزاز سے سرفراز ہوجائیے۔
حدیث:۱
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ تم لوگ سچ بولنے کو لازم پکڑلواس لیے کہ سچ نیکی کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور نیکی جنت میں پہنچاتی ہے اور آدمی ہمیشہ سچ بولتا رہتا ہے اورسچ ہی کی جستجورکھتاہے یہاں تک کہ اللہ عزوجل کے نزدیک صدیق لکھ دیاجاتاہے۔ اور تم لوگ اپنے کو جھوٹ سے بچاؤ کیونکہ جھوٹ بدکاری کا راستہ دکھاتا ہے اور بدکاری جہنم میں پہنچادیتی ہے اور آدمی ہمیشہ جھوٹ بولتا رہتا ہے اور ہمیشہ جھوٹ کا قصد رکھتا ہے یہاں تک کہ خدا کے نزدیک کذاب لکھ دیا جاتا ہے۔(1)اس حدیث کو بخاری و مسلم نے روایت کیا ہے۔(مشکوٰۃ،ج۲،ص۴۱۲)
حدیث:۲
حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ تم لوگ میرے لیے چھ چیزیں قبول کرلو تومیں تم لوگوں کوجنت دیناقبول کرلوں گا۔(۱) جب تم میں سے کوئی بات کرے تو جھوٹ نہ بولے ۔ (۲)اور جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی نہ کرے۔(۳) اور جب امین بنایا جائے تو خیانت نہ کرے۔(۴)اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرے۔(۵)اپنی نگاہوں کو نیچی رکھے۔ (۶) اپنے ہاتھوں کو گناہوں سے روکے رکھے۔(2)
(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});
حدیث:۳
حضرت اَنس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص جھوٹ کو چھوڑ دے حالانکہ وہ جھوٹ اس کے لیے بیکار اور غیر مفید تھا تو اس کے لیے جنت کے کِنارے میں محل بنایا جائے گااور جو حق پرہوتے ہوئے جھگڑے کوچھوڑدے تواس کے لئے جنت کے درمیان میں محل تعمیر کیاجائے گااورجس نے اپنے اخلاق کواچھابنالیااس کے لئے جنت کے اعلیٰ حصے میں محل بنایاجائے گا۔(3)اس حدیث کوترمذی نے روایت کیاہے۔(مشکوٰۃ،ج۲،ص۴۱۲)