دعا مانگنا
دعا مانگنا
(۱) حضرتِ سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے فرمایا: ”کیا میں تمہیں ایسی چیز نہ بتاؤں جو تمہیں
دشمنوں سے نجات دلائے اور تمہارے رزق میں اضافہ کردے؟ اپنے دن اور رات میں اللہ عزوجل سے دعا مانگا کرو کیونکہ دعا مومن کا ہتھیار ہے۔’
‘(مجمع الزوائد، کتاب الادعیۃ، رقم ۱۷۱۹۹ ،ج۱۰،ص ۲۲۱)
(۲) حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے فرمایا: ”دعامومن کا ہتھیار،دین کا ستون اور زمین وآسمان کا نورہے۔”
(مستد رک، کتاب الدعاوالتکبر والذکر ،رقم ۱۸۵۵ ،ج۲ ،ص ۱۶۲)
(۳) حضرتِ سیدنا اَنس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے فرمایا: ”دعاعبادت کا مغز ہے۔”
(ترمذی ،کتا ب الدعوات، باب ماجاء فی فضل الدعاء ،رقم ۳۳۸۲ ،ج ۵، ص ۲۴۳)
(۴) ام المومنین حضرتِ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے فرمایا :” احتیاط تقدیر سے بے نیاز نہیں کرتی اور دعا نازل شدہ اورغیرنازل شدہ آفات سے نفع دیتی ہے او ر جب کوئی آفت نازل ہوتی ہے تواس کا سامنادعا سے ہوتاہے اور دونوں قیامت تک لڑتی رہتی ہیں ۔”
(مستدرک للحاکم ،رقم ۱۸۵۶، ج۲، ص ۱۶۲)
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زبان دعا مانگنے میں استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ عليہ وسلم