islam
مدرسہ یا جامعہ میں زکوٰۃ دینا
اگر مدرسہ یا جامعہ اہلِ حق کا ہے بدمذہبوں کا نہیں تو اس میں مالِ زکوٰۃ اس شرط پر دیا جاسکتا ہے کہ مُہْتَمِم (ناظم) اس مال کو جدا رکھے اور محض تملیک ِ فقیر میں صرف کرے مثلاً طَلَبہ کو بطورِ امداد جو وظیفہ دیا جاتا ہے اس میں دے یا کتابیں یا کپڑے خرید کر طلبہ کو ان کا مالک بنا دے یا بیمار ہونے کی صورت میں دوائی خرید کر انہیں اس کا مالک بنا دے ۔ مدرسین یا دیگر عملے کی تنخواہ اس مال سے نہیں دی جاسکتی کیونکہ تنخواہ معاوضہ عمل ہے اور زکوٰۃ خالصاً اللہ تعالیٰ کے لئے ہے ، اور نہ ہی تعمیرات وغیرہ میں استعمال کی جاسکتی ہے اور نہ ہی طلبہ کے لئے پکائے گئے کھانے میں استعمال ہوسکتی ہے کیونکہ یہ کھانا انہیں بطورِ اِباحت کھلایا جاتا ہے مالک نہیں بنایا جاتا ہے لیکن اگر کھانا دے کر انہیں مالک بنادیا جائے تو دُرُست ہے ۔ ہاں! اگرزکوٰۃ کا روپیہ بنیت زکوٰۃ کسی مصرف ِ زکوٰۃ کو دے کر اسے اس کا مالک بنا دیں پھر وہ اپنی طرف سے مدرسہ یا جامعہ کو دے دے تو اب یہ رقم تنخواہِ مدرسین اور تعمیرات وغیرہ میں استعمال ہوسکتی ہے۔ (ماخوذ از فتاوٰی رضویہ مُخَرَّجَہ،ج۱۰، ص۲۵۴)