Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

غیر ثلاثی مجرد ابواب سے افعال واسماء بنانے کا بیان

”افعال بنانے کا طریقہ”
(۱)۔۔۔۔۔۔فعل ماضی معروف بنانے کا طریقہ:
    تمام غیرثلاثی مجردابواب(ثلاثی مزیدفیہ، رباعی مجردومزیدفیہ،اورملحق برباعی مجرد ومزیدفیہ )سے فعل ماضی معروف اُنہی طریقوں کے مطابق بنے گا جن کا بیان گذر چکا ۔ 
(۲)۔۔۔۔۔۔فعل ماضی مجہول بنانے کا طریقہ:
    فعل ماضی معروف کے ماقبلِ آخر کو کسرہ دیں ،آخری حرف کے علاوہ تمام متحرک حروف کو ضمہ دیں اور باقی حروف کو اپنی حالت پر چھوڑدیں۔جیسے: اَکْرَمَ سے اُکْرِمَ وغیرہ۔
تنبیہ:
    اگرماضی معروف سے ماضی مجہول بنانے میں ضمہ کے بعد الف واقع ہو تو اسے واؤ سے بدل دیں گے۔ جیسے: قَابَلَ سے قُوْبِلَ، تَقَابَلَ سے تُقُوْبِلَ۔
 (۳)۔۔۔۔۔۔فعل مضارع معروف بنانے کا طریقہ: 
    فعل ماضی معروف کے شروع میں علامت مضارع لے آئیں ہمزہ ہوتواسے حذف کردیں اور آخر میں رفع دیدیں ۔جیسے: تَقَبَّلَ سےیَتَقَبَّلُ، اَکْرَمَ سےیُکْرِمُ ۔ وغیرہ۔
تنبیہ:
    (الف)باب اِفْعَالٌ، تَفْعِیْلٌ، مُفَاعَلَۃٌ، فَعْلَلَۃٌاورمُلْحَقَاتِ فَعْلَلَۃٌ میں
علامت مضارع مضموم اور باقی تمام ابواب میں علامت مضارع مفتوح ہو گی۔جیسے اوپر کی مثالوں میں یُکْرِمُ کی علامت مضارع مضموم اور یَتَقَبَّلُ کی علامت مضارع مفتوح ہے۔
    (ب)باب تَفَاعُلٌ، تَفَعُّلٌ، تَفَعْلُلٌ اور مُلْحَق بَتَفْعْلُلٌ ماقبلِ آخر مفتوح اور باقی تمام ابواب میں ماقبل ِآخرمکسور ہوگا۔جیسے اوپر کی مثالوں میں یَتَقَبَّلُ کا ماقبل آخر مفتوح اور یُکْرِمُ کاماقبل ِآخرمکسور ہے۔(باقی احکام وہی ہیں جو ثلاثی مجرد میں بیان ہوچکے )
(۴)۔۔۔۔۔۔فعل مضارع مجہول بنانے کاطریقہ:
     فعل مضارع معروف میں علامت مضارع کو ضمہ اور ماقبلِ آخر کو فتحہ دیں۔ جیسے: یَتَقَبَّلُ سے یُتَقَبَّلُ، یُکْرِمُ سے یُکْرَمُ۔  (۵)۔۔۔۔۔۔فعل امر حاضر معروف بنانے کا طریقہ:
    فعل مضارع معروف سے علامت مضارع کو حذف کرکے آخر کو ساکن کردیں ۔ جیسے: تَتَقَبَّلُ سے تَقَبَّلْ، تُقَابِلُ سے قَابِلْ۔
    اس کے بھی وہی احکام ہیں جو ثلاثی مجرد میں بیان کیے گئے سوائے اس کے کہ ہمزہ بڑھا نے کی صورت میں باب اِفْعَالْ میں اسے فتحہ دیں گے اور باقی ابواب میں کسرہ جیسے: تُکْرِمُ سے اَکْرِمْ ، تَجْتَنِب ُسے اِجْتَنِبْ وغیرہ۔ 
(۶)۔۔۔۔۔۔فعل امر غائب و متکلم معروف بنانے کا طریقہ:
    فعل مضارع معروف کے شروع میں لام امر بڑھادیں اور آخر میں وہی تبدیلیاں ہوں گی جوثلاثی مجرد میں بیان کردی گئیں جیسے: یَتَقَبَّلُ سے لِیَتَقَبَّلْ ، اَجْتَنِبُ سے لِاَجْتَنِبْ۔
 (۷)۔۔۔۔۔۔فعل امر مجہول بنانے کا طریقہ:
    مضارع مجہول کے شروع میں لام امر لگا دیں اور آخر میں وہی تبدیلیاں ہوں گی جوثلاثی مجرد میں بیان ہوچکیں ۔ جیسے: یُتَقَبَّلُ سے لِیُتَقَبَّلْ ، اُکْرَمُ سے لِاُکْرَمْ۔ وغیرہ ۔
(۸)۔۔۔۔۔۔فعل نہی معروف بنانے کا طریقہ:
    فعل مضارع معروف سے پہلے لائے نہی لگادیں آخر میں وہی تبدیلیاں ہوں گی جو بیان کردی گئیں جیسے: یَتَقَبَّل ُسے لاَیَتَقَبَّلْ۔ وغیرہ ۔
(۹)۔۔۔۔۔۔فعل نہی مجہول بنانے کا طریقہ:
    فعل مضارع مجہول کے شروع میں لائے نہی بڑھادیں اور آخر میں اسی طرح تبدیلیاں کریں جس طرح ثلاثی مجرد میں کی تھیں۔ جیسے : یُتَقَبَّلُ سے لاَیُتَقَبَّلْ وغیرہ ۔ (ان سب کے بھی باقی احکام وہی ہیں جن کا بیان ثلاثی مجرد میں گزرا۔) 
تنبیہ:
    جس طرح ثلاثی مجرد افعال پر نواصب وجوازم اور نون تاکید ثقیلہ وخفیفہ وغیرہ داخل ہوتے ہیں اور اُن میں لفظی اور معنوی تبدیلیاں ہوتی ہیں اِسی طرح غیرثلاثی مجردافعال پر بھی یہ کلمات داخل ہوتے ہیں اور اِن میں بھی اسی طرح تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں ۔
اسماء بنانے کا طریقہ:
    غیر ثلاثی مجرد افعال سے اسماء بنانے کے طریقے پہلے بیان کیے جاچکے ہیں ۔
                                 سوالات 
    سوال نمبر ۱: غیر ثلاثی مجردافعال سے فعل ماضی مجہول، فعل مضارع معروف ومجہول ،فعل امر معروف و مجہول، فعل نہی معروف ومجہول بنانے کے طریقے بیان کیجئے ۔
     سوال نمبر ۲: بتائیں کیا غیر ثلاثی مجرد افعال پر بھی نواصب و جوازم وغیرہ داخل ہوکر ان میں لفظی اور معنوی تبدیلیاں کرتے ہیں ؟
تنبیہ ضروری:
     تمام غیر ثلاثی مجرد ابواب سے مذکورہ بالا طریقوں کے مطابق فعل ماضی مجہول، فعل مضارع معروف ومجہول ،فعل امر معروف و مجہول، فعل نہی معروف ومجہول بناکر ہر ایک کی مکمل گردان ترجمہ وصیغہ کے ساتھ اپنی کاپی پر خوش خط تحریر فرمائیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!