Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

دوسرا یوم ۹ ذی الحجہ (یوم عرفہ)

۞ فجر کی ادائیگی کے بعد لرزتے کانپتے ہوئے عرفات کی جانب چلیے۔
۞ راستہ میں تلبیہ، استغفار، ذکر و درود، تلاوت قرآن وغیرہ جاری رکھیے۔
۞ اگر آپ پیدل سفر کر رہے ہیں تو دھوپ کے تیز ہونے سے پہلے پہلے عرفات پہنچنے کی کوشش کیجیے اور طریق المشاة (پیڈسٹل روڈ) پر چلتے ہوئے عرفات پہنچیے۔
۞ موقع ملے تو راستہ میں ورنہ عرفات پہنچ کر اشراق و چاشت ادا کیجیے۔
۞ راستہ طویل ہے لہٰذا وقفہ کیجیے کچھ دیر بیٹھ کر محفل وغیرہ کیجیے تاکہ آرام بھی ملے اور سرور بھی البتہ ظہر کا وقت شروع ہونے سے پہلے مسجدنمرہ سے گزر جانے کی کوشش کیجیے ورنہ رش بہت بڑھ جائے گا۔
۞ عرفات کے ابتداء میں ہی مسجد نمرہ ہے جبکہ جبل رحمت اس کی انتہاء پر ہے۔
۞ مسجد نمرہ کے دائیں طرف4 سڑکیں ہیں روڈ نمبر 1، 2، 3، 4 اور 5 جبکہ بائیں جانب چار روڈ 6، 7، 8 اور9 ہیں آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کا خیمہ کون سی روڈ پر واقع ہے۔
۞ یہاں بھی آپ خیمے کے مرکزی دروازے میں اسی طرح کے معلم کے نام اور نمبر والے بورڈ کی مدد سے داخل ہو جائیے مگر اندر میں چھوٹے خیموں کے لیے کوئی تخصیص (الاٹمنٹ ) نہیں لہٰذا جس خیمہ میں جگہ ملے داخل ہو جائیے۔
۞ عرفات میں داخلے سے قبل اور عرفات میں زوال کے بعد غسل کیجیے کہ یہ سنت مؤکدہ ہے۔
۞ خیموں میں عورتیں اور مرد ساتھ ساتھ ہوتے ہیں اس لیے ان کے پردے اور اپنی نظر کی حفاظت نیز حالت احرام میں ہونے کی وجہ سے ستر پوشی کا خصوصی اہتمام کیجیے۔
۞ پانی اور گلوکوز کا استعمال جاری رکھیے۔ آج کا روزہ حاجیوں کے لیے مکروہ ہے۔
۞ عرفات میں لوٹتے ہوئے داخل ہوں اوروہاں خاک شریف کو بوسہ دیجیے۔ زمین چومئے اور نوافل ادا کیجیے۔
۞ سنی عالم دین کے ساتھ کسی اجتماعی دعا میں شرکت ورنہ دوسرے حاجیوں کے ساتھ مل کر دعا کیجیے۔
۞ عرفات میں پہنچنے کے بعد معمولات پورے کیجیے پھر ظہرادا کیجیے، پھر کچھ دیر آرام کیجیے پھر فوراً اٹھ کر تازہ وضوکر کے تلاوت قرآن پاک، صلوة التسبیح، درودو سلام، چہارم کلمہ، سورۂ اخلاص نیز قضائے عمری، ذکر اللہ، قصیدۂ بردہ شریف، نعت خوانی، منقبت، صلوة و سلام، استغفار اور تلبیہ کی کثرت کیجیے۔
۞ ظہر کی نماز ظہر کے وقت باجماعت اور نماز عصر، عصر کے وقت باجماعت ادا کیجیے۔
مسجد نمرہ میں جانا اور خطبہ سننا آپ پر واجب نہیں لہٰذا خیمے میں رہتے ہوئے اوریہاں وہاں گھومنے کے بجائے اپنے وقت کو عبادت میں صرف کیجیے۔
۞ بعد عصر وقوف کیجیے یعنی خانہ کعبہ کی جانب رُخ کر کے ننگے سر، ننگے پیر، بغیر سائے کے کھڑے کھڑے لبیک کی تکرار کے ساتھ مغرب تک خوب رو رو کر، گڑگڑا کر توجہ کے ساتھ دعا کیجیے۔
۞ دوسروں کی خطاؤں اور عیبوں پر نظر کرنے سے بچئے کہ آج آپ کو اپنی خطائیں معاف کروانی ہیں۔
۞ مغرب کے وقت کے بعد یہیں سے استنجاء اور وضو کر کے مزدلفہ کی جانب روانہ ہو جایئے آپ کو مغرب و عشاء ملا کر عشاء کے وقت میں مزدلفہ ہی میں پڑھنی ہے۔ مغرب اگر عرفات میں پڑھی تو ادا نہیں ہوگی۔
۞ عرفات سے روانگی کے وقت مسجد نمرہ کی زیارت کیجیے اور مزدلفہ پہنچئے۔ یہاں پر خیموں کی سہولت نہیں۔راستہ بھر تلبیہ اور ذکر و درود جاری رکھیے۔
۞ مزدلفہ پہنچ کر ایک اذان اور ایک تکبیر کے ساتھ مغرب و عشاء ملا کر پڑھیئے پہلے مغرب کے فرض پھر فورا عشاء کے فرض پھر مغرب کی سنتیں پھر عشاء کی سنتیں اور پھر وتر وغیرہ پڑھیے۔
۞ مزدلفہ کی مقدس زمین کو بوسہ دیجیے وہاں نوافل پڑھیے۔
۞ جبل قزح سے ہٹ کر اور مشعر الحرام کے قریب اس مقام پر قیام کیجیے کہ استنجاء،وضو کی سہولت قریب میں ہو۔
۞ آج کی رات حاجیوں کے لیے لیلتہ القدر سے افضل ہے ہو سکے تو مکمل رات جاگیے یا پہلے کچھ آرام کر لیجیے پھر اٹھ کر وضو وغیرہ سے فراغت کے بعد عبادت میں لگ جائیے۔
۞ یہاں سمت قبلہ اور عورتوں کے لیے پردہ کا خصوصی خیال رکھیے۔
۞ فراغت کے بعد مزدلفہ سے ہی ۱۰۰ کے قریب چھوٹی کنکریاں تلاش کر کے دھو لیجیے۔
۞ فجر ابتدائی وقت میں ہی باجماعت ادا کیجیے پھر عرفات کی طرح یہاں بھی وقوف کیجیے سورج طلوع ہونے تک دعا کیجیے سورج طلوع ہونے سے کچھ دیر پہلے منی کی جانب روانہ ہو جائیے یہاں حقوق العباد کی معافی ہے۔ (ان شاء اللہ تعالیٰ(
۞ راستے میں وادی مُحسّر آئے تو وہاں سے تیزی کے ساتھ گزریے کہ یہاں اصحاب فیل پر عذاب نازل ہوا تھا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!