جنت کے بارے میں ضروری معلومات
جنت کتنی بڑی ہے ؟
حضرت سیدناعبادہ بن صامت رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ رحمتِ کونین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”جنت میں سومنزلیں ہیں اور ان میں سے ہردومنزلوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہے جتنا زمین وآسمان کے درمیان ہے ۔” (ترمذی، کتاب صفۃ الجنۃ ،رقم الحدیث۲۵۳۹،ج۴، ص۲۳۸)
جبکہ حضرت سیدناابوسعید رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”جنت میں سومنزلیں ہیں ،اگر اس کے ایک درجہ میں تمام جہانوں کے لوگ بھی جمع ہوجائیں تو وہ سب کو کافی ہوجائے گا۔” (ترمذی، کتاب صفۃ الجنۃ ،رقم الحدیث۲۵۴۰،ج۴، ص۲۳۹)
جنت کے دروازے :
حضرت سیدنا سہل بن سعدر ضي اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”جنت کے آٹھ دروازے ہیں ۔”
(بخاری ، کتاب بداء الخلق، رقم۳۲۵۷،ج۲،ص۳۹۴)
ایک دروازہ کتنا بڑا ہوگا؟
حضرت سیدناعُتبہ بن غَزَوان رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ سرور ِ کونین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”جنت (کے دروازوں)کی چوکھٹوں میں سے ہر دو چوکھٹ کے درمیان چالیس برس کا فاصلہ ہے ۔”
(مسلم، رقم الحدیث ۲۹۶۷،، ص۱۵۸۶)
جنت کے خیمے:
حضرت سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ رسول ِ اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا : ”مؤمن کے لئے جنت میں کھکلی موتی (یعنی وہ موتی جس کے درمیان میں خالی جگہ ہوتی ہے)کا ایک خیمہ ہوگا جس کی چوڑائی ساٹھ میل ہے ۔” (بخاری،کتاب بداء الخلق، رقم الحدیث ۳۲۴۳،ج۲، ص۳۹۱)