رِقَّت انگیز دُعا:
رِقَّت انگیز دُعا:
ہم اللہ عَزَّوَجَلَّ سے حسن خاتمہ کا سوال کرتے ہیں اور اس کی خفیہ تدبیر سے ڈرتے ہیں،بے شک حد سے بڑھنے والے ہی اس کی خفیہ تدبیر سے بے خوف رہتے ہیں۔ یااللہ عَزَّوَجَلَّ !ہم تیری بارگاہ میں تیرے محبوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا وسیلہ پیش کرتے ہیں، اور ہمارا ایمان ہے کہ تیرے محبوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم تیری بارگاہ میں ہم عاصیوں اور گناہگاروں کی شفاعت فرمائيں گے۔ یااللہ عَزَّوَجَلَّ !ہم کو خوف سے امن عطا فرما دے، ہمارے عیوب کی پردہ پوشی فرما اور ہمارے گناہ معاف فرما دے۔ یااللہ عَزَّوَجَلَّ ! اگر تو بھی صرف انہیں ہی اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے گاجو تیرے نیک بندے ہیں توپھر ہمیں بتا کہ ہم جیسے گناہ گاروں کو کون قبول کریگا؟ یااللہ عَزَّوَجَلَّ !اگر تو اطاعت گزار بندوں پر ہی رحم وکرم کی بارش نازل فرمائے گاتو کوتاہی کرنے والوں اور عاصیوں پر کون کرم کریگا؟ یااللہ عَزَّوَجَلَّ !ہم اپنے نفسوں کی برائی کو اچھی طرح جان چکے لہٰذا ہم پر نظرِ کرم فرما اور ہماری توبہ قبول فرما۔ یااللہ عَزَّوَجَلَّ !ہم پر ایسا فضل وکرم فرما جو ہمیں تیری ذات کے سوا ہر چیز سے بے پرواہ کر دے، ہمیں اطاعت کی توفیق ، معصیت سے نفرت اور پُرخلوص نیت کی دولت سے نواز دے،ہمیں اپنی ایسی رحمت سے نوازکہ جو ہماری کمی اور کوتاہی کو پورا کر دے اور ہمارے فقر کو غنا سے بدل دے، ہمارے گناہوں کو مٹا دے اور ہماری قدر ومنزلت میں
اضافہ فرما دے، ہمیں اپنے اور اپنے حبیب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کے مبارک فرامین سن کر ان سے نفع حاصل کرنے کی سعادت عطا فرمااور ہم خطاکاروں کے حق میں آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی شفاعت قبول فرماکہ جس دن مال کام آئے گا، نہ اولاد۔اے سب سے بڑھ کر رحم فرمانے والے!ہم پر اپنی خاص رحمت نازل فرما۔(آمِیْن)
اَللّٰھُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ نَّبِیِّکَ الْعَظِیْمِ وَرَسُوْلِکَ الْکَرِیْمِ وَالدَّاعِیْ اِلَی الصِّرَاطِ الْمُسْتَقِیْم