امامِ شافعی علیہ رحمۃ اللہ الکافی کی دُعا:
امامِ شافعی علیہ رحمۃ اللہ الکافی کی دُعا:
یَا رَبَّ الْعٰلَمِیْن عَزَّوَجَلَّ! میں تیری پاکیزگی کے نور وعظمت اورتیرے جلال کی برکت کی پناہ مانگتاہوں ہر آفت و مصیبت اور شریر جن وانس کے پیش آنے سے، سوائے اس کے جو خیر لائے۔ اے اللہ عَزَّوَجَلَّ ! تو ہی میری پناہ گاہ اور جائے قرار ہے لہٰذا میں تجھی سے پناہ طلب کرتا ہوں۔ اے وہ ذات جس کے آگے بڑے بڑے جابروں کی گردنیں جھک جاتی ہیں اور بڑے بڑے سرکشوں کی گردنیں خم ہو جاتی ہیں۔یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ ! میں تیرے سامنے رسوا ہونے، عیبوں کا پردہ چاک ہونے، تیری یاد بھول جانے اور تیرے شکر سے مُنہ موڑنے سے تیرے جلال و کرم کی پناہ میں آتاہوں۔ میرے دن رات،آرام وسکون، اور سفر تیرے حفظ وامان میں ہیں۔تیری حمد وثناء میرا اوڑھنا بچھونا ہے۔ تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔میں ہر عیب سے تیری پاکی بیان کرتا ہوں اور تیرے وجہِ کریم کی تکریم کرتا ہوں۔ اے سب سے بڑھ کر رحم فرمانے والے !مجھے رسوا ئی اور اپنے بندوں کے شرسے محفوظ فرمااور بری خفیہ تدبیرسے محفوظ فرما۔ مجھ پر اپنی حفاظت کے خیمے اوڑھا دے اور مجھے اپنی عنایت کی حفاظت میں داخل فرما دے۔(آمین)
(حلیۃ الاولیاء،الامام الشافعی،الحدیث۱۳۲0۲/۱۳۲0۳،ج۹،ص۸۷)
اے میرے اسلامی بھائیو! سَلَف صالحین، علماءِ کرام اور مجتہدینِ عظام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلَام اس دنیائے فانی سے توکوچ کر گئے لیکن ان کی نشانیاں باقی ہیں، اُن کے طریقے مٹا دئیے گئے مگر ان کی خوبیاں اور اچھی باتیں نہیں مٹائی جاسکیں۔