Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islamمسائل و فضائل

غُسل کا طریقہ (حنفی)

غُسل کا طریقہ (حنفی)

بِغیرزَبان ہِلائے دل میں اِس طرح نیّت کیجئے کہ میں پاکی حاصِل کرنے کیلئے غسل کرتاہوں۔پہلے دونوں ہاتھ پہنچوں تک تین تین بار دھوئیے ، پھراِستِنجے کی جگہ دھوئیے خواہ نَجاست ہویانہ ہو،پھرجِسم پراگرکہیں  نَجاست ہوتو اُس کودُورکیجئے پھرنَمازکاساوُضوکیجئے مگرپاؤں نہ دھوئیے،ہاں اگرچَوکی وغیرہ پر غسل کررہے ہیں توپاؤں بھی دھولیجئے،پھربدن پرتیل کی طرح پانی چُپَڑلیجئے ، خُصو صاً سرد یوں میں (اِس دَوران صابُن بھی لگاسکتے ہیں )پھرتین بار سید ھے کندھے پرپانی بہایئے،پھرتین باراُلٹے کندھے پر، پھرسر پراورتمام بدن پرتین بار، پھر غسل کی جگہ سے الگ ہوجائیے،اگروُضوکرنے میں پاؤں نہیں دھوئے تھے تواب دھو لیجئے ۔نَہانے میں قِبلہ رُخ نہ ہوں ،تمام بدن پرہاتھ پَھیر کرمل کرنہائیے۔ایسی جگہ نہانا چاہئے جہاں کسی کی نظر نہ پڑے اگریہ ممکِن نہ ہوتومَرد اپناسِتر(ناف سے لے کر دونوں  گُھٹنوں  سَمیت)کسی موٹے کپڑے سے چھپالے،موٹاکپڑانہ ہوتوحَسبِ ِضَرور ت دو یا تین کپڑے لپیٹ لے کیوں کہ باریک کپڑاہوگاتوپانی سے بدن پرچِپک جا ئے گا اور مَعَاذَاللہ عَزَّوَجَلَّ گُھٹنوں یارانوں وغیرہ کی رنگت ظاہر ہوگی ۔ عورت کو تو اور بھی زِیادہ احتیاط کی حاجت ہے ۔دَورانِ غسل کسی قسم کی گُفتگومت کیجئے، کوئی دُعا بھی نہ پڑھئے ، نہانے کے بعدتَولیے وغیرہ سے بدن پُونچھنے میں  حَرَج نہیں  ۔ نہا نے کے بعد فورًاکپڑے پہن لیجئے۔اگرمکروہ وقت نہ ہوتودو رَکعت نَفل اداکرنا مُستَحَب ہے۔( عا لمگیری ج۱ص۱۴،ماخوذازبہارِ شریعت ج۱ص۳۱۹ وغیرہ)

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!