islam
حضرت معاذہ عدویہ رضی ﷲ تعالیٰ عنہا
یہ بہت ہی عبادت گزار اور پرہیز گار خدا کی نیک بندی تھیں حضرت ام المؤمنین بی بی عائشہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا کی حدیث میں شاگرد ہ ہیں دن رات میں چھ سو رکعات نفل پڑھاکرتی تھیں اور رات بھرنوافل اورخدا کی یاد میں مصروف رہ کر جاگتی تھیں خدا کے خوف سے کبھی آسمان کی طرف سر اٹھاکر نہیں دیکھتی تھیں دن میں کبھی کبھی جب بہت زیادہ نیند کا غلبہ ہوتا تھا تو گھنٹہ دو گھنٹہ سو لیا کرتی تھیں اور اپنے نفس سے کہاکرتی تھیں کہ ابھی کیوں سوئیں؟ یہ تو عمل کا وقت ہے جاگ کر جتنا ہو سکے اچھے اچھے عمل کرلینا چاہے موت کے بعد جب عمل کا وقت نہیں رہے گا پھر تو قیامت تک سونا ہی ہے کبھی کہا کرتی تھیں کہ میں کیوں سوؤں؟ کیا معلوم کب موت آجائے کہیں ایسا نہ ہوکہ میں سوتی رہ جاؤں اور خدا کی یاد سے غافل رہتے ہوئے میرا دم نکل جائے غرض ان پر خوف خدا کا بہت زیادہ غلبہ تھا جو ولایت کی خاص نشانی ہے اﷲ تعالیٰ ہر مسلمان کو یہ دولت نصیب فرمائے (آمین)
تبصرہ:۔اﷲ کی بندیو! آنکھیں کھولو اور دیکھو کہ کیسی کیسی نیک بیبیاں اس دنیا میں ہوگئیں کیا تم میں بھی نیک بننے کا کوئی شوق ہے؟ ہائے افسوس! آج کل کی مسلمان عورتوں کی زندگی اور ان کی غفلتوں اور بد اعمالیوں کو دیکھ دیکھ کر ڈر لگتا ہے کہ کہیں ان گناہوں کی نحوست سے خدا کا عذاب نہ اتر پڑے اے سینما دیکھ دیکھ کر جاگنے والیو! کیا خدا کے خوف سے بھی تم کبھی جاگتی رہی ہو اور اے ناول اور جھوٹے افسانے پڑھنے والیو! کیا تمہیں اس کی بھی توفیق ہوئی کہ قرآن اور دینی و ایمانی کتابیں پڑھو؟ سوچو اور عبرت پکڑو اور اپنی حالتوں کو بدلو اور یہ نہ بھولو کہ دنیا کی زندگی چند روزہ اور آنی فانی ہے لہٰذا جلد کچھ آخرت کا کام کر لو۔