سامانِ بخشش Mufti Azam Hind Muhammad Mustafa Raza مفتی اعظم ھند محمد مصطفیٰ رضاشاعری
مئے محبوب سے سرشار کردے اُویسِ قرَنی کو جیسا کیا ہے
مئے محبوب سے سرشار کردے
اُویسِ قرَنی کو جیسا کیا ہے
گما دے اپنی اُلفت میں کچھ ایسا
نہ پاؤں میں میں میں جو بے بقا ہے
پلادے مَے کہ غفلت دُور کردے
مجھے دنیا نے غافل کردیا ہے
عطا فرما دے ساقی جامِ نوری
لبالب جو چہیتوں کو دیا ہے
ثنا لکھنی ہے محبوبِ خدا کی
خدا ہی جن کی عظمت جانتا ہے
میں تیرے فیض سے کچھ کہہ سکوں گا
میں کیا ہوں اور مرا یارا ہی کیا ہے
سنا اے بلبل باغِ مَدینہ
ترانہ اور دل یہ چاہتا ہے
سنا نوریؔ غزل اس کی ثنا میں
ثنا جس کی ثنائے کبریا ہے