Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
سامانِ بخشش Mufti Azam Hind Muhammad Mustafa Raza مفتی اعظم ھند محمد مصطفیٰ رضاشاعری

پڑھوں وہ مطلع نوری ثنائے مہر اَنور کا

پڑھوں وہ مطلع نوری ثنائے مہر اَنور کا

پڑھوں وہ مَطلعِ نوری ثنائے مہرِ اَنور کا

ہو جس سے قلب روشن جیسے مَطلع مہرِ محشر کا

سرِعرشِ عُلا پہنچا قدم جب میرے سروَر کا

زبانِ   قدسیاں   پر  شور   تھا    اَللّٰہُ   اَکْبَر  کا

بنا عرشِ بریں مَسنَد کفِ پائے منور کا

خدا ہی جانتا ہے مرتبہ سرکار کے سر کا

دوعالم صدقہ پاتے ہیں مرے سرکار کے دَر کا

اسی سرکار سے ملتا ہے جو کچھ ہے مقدر کا

بڑے دَربار میں پہنچایا مجھ کو میری قسمت نے

میں صدقے جاؤں کیا کہنا مرے اَچھے مقدر کا

ہے خشک و تر پہ قبضہ جس کا وہ شاہِ جہاں یہ ہے

یہی ہے بادشاہ بَر کا یہی سلطاں سمندر کا

مٹے ظلمت جہاں کی نور کا تڑکا ہو عالم میں

نقابِ رُوئے اَنور اے مرے خورشید اب  َسرکا

ضیا بخشی تری سرکار کی عالم پہ روشن ہے

مہ و خورشید صدقہ پاتے ہیں پیارے ترے دَرکا

نگاہِ مہر سے اپنی بنایا مہر ذَرّوں کو

الٰہی نور دِن دُونا ہو مہر ذَرَّہ پروَر کا

طبق پر آسماں کے لکھتا میں نعتِ شہِ والا

قلم اے کاش مل جاتا مجھے جبریل کے پر کا

مقابل ان کے ذَرَّہ کے ذرا سا منہ نکل آیا

بہت شہرہ سنا کرتے تھے ہم خورشیدِ محشر کا

جمالِ حق نما دیکھیں عیاں نورِ خدا پائیں

کلیم آئیں ہٹا دیکھیں ذرا پردہ ترے دَر کا

نہ سایہ رُوح کا ہرگز نہ سایہ نور کا ہرگز

تو سایہ کیسا اس جانِ جہاں کے جسمِ اَنور کا

وہ آئینہ اگر دیکھیں تو اپنے آپ کو دیکھیں

کہاں ہے آئینہ میں اور کوئی ان کے برابر کا

محالِ عقل ہے ترا مماثل اے مرے سروَر

توہُّم کر نہیں سکتا ہے عاقل تیرے ہم سر کا

خدا شاہد رضا کا آپ کی طالب خدا ہوگا

تَعَالَی اللّٰہ رُتبہ  میرے  حامی  میرے  یاوَر  کا

دَبا جاتا پجا جاتا ہوں میں آقا دُہائی ہے

یہ بھاری بوجھ عصیاں کا مرے سر کا ذرا سرکا

بجھے گی شربتِ دِیدار ہی سے تشنگی اپنی

تمہاری دِید کا پیاسا ہوں یوں پیاسا ہوں کوثر کا

زباں پر جم گئے کانٹے ہے سارا حلق خشک اپنا

شہیدِ کربلا کا صدقہ دو اِک جام کوثر کا

کمی کچھ بھی خزانے میں تمہارے ہو نہیں سکتی

تمہیں حق نے عطا فرما دیا جب چشمہ کوثر کا

جو آب و تابِ دَندانِ منور دیکھ لوں نوریؔ

مرا بحرِ سخن سر چشمہ ہو خوش آب گوہر کا

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!