islam
بوفے سِسٹم کی خرابیاں
بوفے سِسٹم کی خرابیاں
جہاں تک بوفے سِسٹم کا تعلُّق ہے تو اس کا رَواج بھی شادیوں سے ختم ہونا چاہئے کیونکہ یہ شَرْعی اور اَخلاقی خرابیوں کا سبب بنتا ہے۔ مثلاً ٭ بوفے سِسٹم کی ایک خرابی بدتہذیبی ہے یعنی جن شادیوں میں بوفے سِسٹم ہوتا ہے اُن میں کھانا شروع ہوتے ہی لوگ معیوب اور بے ڈھنگے انداز میں کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں ، عُموماً مہذّب نظر آنے والے بھی جن غیر مہذّب حرکتوں کا مُظاہَرہ کرتے ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ ٭دوسری خرابی حق تلفی ہے ، لوگ کھانا حاصل کرنے کے لئے حد سے بڑھی ہوئی بےصبری کی وجہ سے بوفے پر پہلے سے کھڑے ہوئے لوگوں کو نظر انداز کردیتے ہیں اور کمالِ ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے اُن سے پہلے ہی سامنے والے کے ہاتھ سے چمچا جَھپَٹ کر خود کھانا نکال لیتے ہیں اور یوں حق تلفی کے مرتکب ہوتے ہیں ۔ ٭تیسری خرابی ایذائے مُسْلِم ہے کہ بعض اوقات لوگ بے صبری ، چھینا جھپٹی اور جلد بازی کی وجہ سے دوسروں کے نئے نویلے یا صاف سُتھرے کپڑے داغدار کر بیٹھتے ہیں ، کبھی کبھار تو سالن سے بھری پلیٹ ہی کسی کے کپڑوں پر گر جاتی ہے جس سے نہ صرف اُسے دوسرے مہمانوں کے سامنے سخت شرمندگی ہوتی ہے بلکہ اُس کی دل آزاری بھی ہوتی ہے۔ ٭ چوتھی خرابی کھانے کا ضائع ہونا ہے ، کیونکہ کھانے کی حرص کی وجہ سے یا بار بار اُٹھنے کی زحمت سے بچنے کیلئے لوگ ضرورت سے زیادہ کھانا اپنی پلیٹ میں نکال لیتے ہیں بلکہ بیک وقت مختلف چیزوں کی ایک ایک پلیٹ بھر کر اپنے سامنے رکھ لیتے ہیں مگر تھوڑا تھوڑا کھا کر بقیہ کھانا پلیٹوں میں بچا کر چھوڑ دیتے ہیں جس کی وجہ سے مجموعی طور پر اچھا خاصا کھانا ضائع ہوجاتا ہے۔
(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});
خُدارا ہوش کیجئے! رزق کی قدر کیجئے !! رزق اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بہت بڑی نعمت ہے ، اسے ضائع ہونے سے بچائیے ، جو کھانا ہماری نادانی کی وجہ سے ضائع ہوجاتا ہے اُس سے کسی بُھوکے کا پیٹ بھر سکتا ہے بلکہ بُھوک سے مرنے والے کی جان بھی بچ سکتی ہے۔ لہٰذا کہیں بھی کھانا کھائیں تو اُسے ضائع نہ ہونے دیں بلکہ جتنی ضرورت ہو اتنا ہی کھانا پلیٹ میں نکالیں ۔ شادی وغیرہ کے موقع پر خاص طور پر میزبان کو چاہئے کہ کھانا کھلانے کا ایسا بندو بست کرے کہ بیان کردہ دیگر خرابیوں سے بھی بچا جاسکے اور کھانا بھی ضائع نہ ہو ، برتنوں کا جُوٹھا کھانا بھی پھینکنے کے بجائے کسی ضرورت مند کو دے دیجئے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!
صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد