islam
تنبیہ 4:
گذشتہ احادیث سے غصہ کی دوا اور اس کے ہیجان کے بعد اسے زائل کرنے اور علم وعمل کی طرف رجوع کاپتہ چلتا ہے، لہٰذا انسا ن کو چاہے کہ غصہ پینے کی فضیلت میں وارد آئندہ آنے والی روایات اور عفوودرگزر، بردباری اور صبر کے فضائل میں غور کرے کیونکہ اس طرح انسان اللہ عزوجل کے تیار کردہ ثواب میں رغبت کرتاہے جس سے اس کا غصہ اور اہانت وسزا کی طرف مائل کرنے کا سبب زائل ہو جاتا ہے، اسی لئے جب امیر المؤمنین حضرت سیدنا عمرفاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک شخص کو مارنے کاحکم دیا تو اس نے یہ آیت مبارکہ پڑھی:
خُذِ الْعَفْوَ وَاۡمُرْ بِالْعُرْفِ وَ اَعْرِضْ عَنِ الْجٰہِلِیۡنَ ﴿199﴾
ترجمۂ کنز الایمان: اے محبوب معاف کرنا اختیار کرو اور بھلائی کا حکم دو اور جاہلوں سے منہ پھیر لو۔ (پ9، الاعراف:199)
جب حضرت سیدنا عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے یہ آیت مبارکہ سنی اور اس میں غور کیا تو اُسے معاف فرمایادیا، آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عادت مبارکہ تھی کہ قرآن پاک سن کراپنے فیصلے سے رُک جاتے اور اس سے تجاوز نہ فرماتے تھے۔
اس معاملہ میں حضرت سیدنا عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی حضرت سیدنا عمرِ فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پیروی کی یوں کہ جب آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک شخص کو کوڑے مارنے کا حکم دیا تو اس نے یہ آیت مبارکہ پڑھی:
(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});
وَالْکٰظِمِیۡنَ الْغَیۡظَ
ترجمۂ کنز الایمان: اور غصہ پینے والے۔ (پ4، اٰل عمران:134)
تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی اسے آزاد کرنے کا حکم دے دیا۔