Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

اونٹنی کے چورکافیصلہ

  امام بیہقی علیہ رحمۃ اللہ القوی (458-384ھ)امام ابو منصور عبد القاہربن طاہر سے،وہ ابو عمر و بن نُجَیْدسے ، وہ ابو مسلم سے ، وہ انصاری سے ، وہ اشعث سے اور وہ حضرت سیدنا حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ کسی شخص کی اونٹنی گم ہوگئی تو اس نے ایک شخص کے خلاف دعویٰ کردیا۔چنانچہ اسے بارگاہِ رسالت میں لایا گیا تو مدعی (یعنی دعوی کرنے والے)نے عرض کی کہ اس شخص نے میری اونٹنی لی ہے ۔”دوسرے شخص نے کہا:”اللہ عزوجل کی قسم جس کے سواکوئی معبودنہیں ،میں نے اس کی اونٹنی نہيں لی۔” تو اللہ کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہ ٌعَنِ الْعُیوب عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشادفرمايا:”تُونے ہی اونٹنی لی ہے پس اسے لوٹادے۔”تو اس شخص نے واپس کر دی ۔
(السنن الکبری للبیہقی،کتاب الایمان،باب ماجاء فی الیمین الغموس ، الحدیث: ۰ ۸ ۸ ۱۹، ج۱۰،ص۶۶)
    امام عبدالرزا ق رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ (211-126ھ) ”اَلْمُصَنَّف”میں فرماتے ہیں کہ ابن جریج سے مروی ہے کہ مجھے محمدبن کعب قرظی کے حوالے سے روایت بیان کی گئی کہ” رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ ـ  مبارکہ میں ایک شخص نے کسی کی اونٹنی چرالی ۔اس کے مالک نے دربارِرسالت ميں حاضرہوکر عرض کی: ”یارسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم!فلاں شخص نے میری اونٹنی چرالی ہے مَیں اس کے پاس گیا تو اس نے واپس کرنے سے انکار کردیا۔”
    حضور نبئ رحمت،شفیعِ اُمت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے  اسے پیغام بھیج کربلایا اور ارشاد فرمایا:”اسے اس کی اونٹنی واپس کردو۔”وہ کہنے لگا :”اس ذات کی قسم جس کے سواکوئی معبود نہیں!میں نے اُسے نہیں پکڑااورنہ ہی وہ میرے پاس ہے۔”رسول اکرم، نورِ مجسَّم ،شاہ ِبنی آدم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:”چلے جاؤ۔”جب وہ جاچکا تواسی وقت بارگارسالت علی صاحبھاالصلوٰۃ والسلام میں حضرت سیدناجبرائیل امین علیہ السلام نے حاضرہوکرعرض کی ”اُس شخص نے جھوٹ بولاہے اونٹنی اسی کے پاس ہے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے اس کی طرف پیغام بھیجا کہ وہ اسے اونٹنی واپس کر دے تواس نے واپس لوٹادی۔
(المصنف لعبدالرزاق،کتاب الایمان والنذور،باب کفارۃ الاخلاص،الحدیث:۱۶۴۱۷ ، ج۸،ص۴۴۹،بدون”فردھا”)

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!