Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

تمہیدی تجلیاں

(۱)”جنتی زیور”کی تصنیف کے بعد خود بخود دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ جنت کی نعمتوں اورجنت میں لیجانے والے اعمال کے بارے میں بھی کوئی کتاب لکھدوں تاکہ مسلمان بھائی جنتی اعمال کی طرف راغب ہوکر اپنے جنت میں جانے کا سامان کریں مگر خدا کی شان کہ اس درمیان میں کئی بار مجھے پر مختلف بیماریوں کا حملہ ہوتارہا اورمیں کچھ بھی نہ لکھ سکا لیکن بحمدہ تعالیٰ امسال رمضان  ۱۴۰۰؁ھ میں صحت قدرے اچھی رہی اورمیں نے یہ طے کرلیا کہ اس رمضان شریف میں چھوٹا یا بڑا کہیں کا بھی کوئی سفر نہیں کروں گا چنانچہ ماہ رمضان میں مکان پر قیام کے دوران بحالت روزہ ان اوراق کو تحریر کرنے کی توفیق ہوئی ۔ فالحمد للہ علی ذلک
 (۲)یوں تو ہر نیک عمل جنت میں لے جانے والا عمل ہے مگر بعض ایسے نیک اعمال بھی ہیں جن پر خصوصیت کے ساتھ اللہ ورسول جل جلالہ وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی طرف سے جنت کا وعدہ اوربہشت کی خوشخبری دی گئی ہے چنانچہ اسی قسم کے اعمال حسنہ میں سے چن چن کر ساٹھ عملوں کو حدیثوں سے منتخب کر کے جمع کر دیا ہے اوران ساٹھ اعمال کو عنوان بنا کر ہر عنوان کے تحت ان اعمال کے فضائل میں چند احادیث نقل کر دی ہیں پھر ہر عنوان کے آخر میں ”تشریحات وفوائد ”لکھ کر حدیثوں کی وضاحت کرتے ہوئے ضروری مسائل کی بھی توضیح کردی ہے۔ان منتشر اوراق کے مجموعہ کو ”بہشت کی کنجیاں” ”اعمالِ جنت ”کے نام سے ناظرین کی خدمت میں پیش کرتاہوں۔


(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});

 (۳)پہلے یہ خیال ہوا کہ چونکہ یہ کتاب عام مسلمانوں کیلئے لکھی گئی ہے ۔ اس لیے ہر عنوان کے تحت میں چند حدیثوں کے اردو ترجموں کو نقل کردوں مگر پھر ناگہاں یہ خیال پیدا ہوگیا کہ حدیثوں کے اصل عربی الفاظ کتابوں کے حوالوں کے ساتھ نقل کر کے پھر ان کا مطلب خیز ترجمہ کردیا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔کیونکہ حدیث پڑھنے والے طلبہ کو کچھ حدیثوں کے ترجموں میں آسانی بھی ہوجائے گی اورہمارے عوام بھائی رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے نکلے ہوئے مقدس الفاظ حدیث کی تلاوت کا شرف اوراجر وثواب حاصل کرلیں، اس لیے بعض عنوانوں میں حدیث کے اصل الفاظ مع صفحات کتب نقل کر کے ان کا بامحاورہ اورمطلب خیز ترجمہ تحریرکردیا ہے اوربعض عنوانوں میں بغرض اختصار صرف حدیثوں کا ترجمہ لکھ دیا ہے مگر کتابوں کے صفحات کا حوالہ اور”تشریحات وفوائد” ہر عنوان کے تحت لکھا گیا ہے تاکہ حدیثوں کو کتابوں میں تلاش کرلینا آسان ہواور حدیثوں کے سمجھنے میں کوئی دشواری نہ لاحق ہو۔ زباں قصداً بہت عام فہم اورآسان تحریر کی ہے تاکہ مضامین کے سمجھنے میں عورتوں اوربچوں کو بھی کوئی دقت نہ پیش آئے ۔ 
دعا ہے کہ ارحم الراحمین اپنے فضل وکرم سے اس مجموعہ کو دونوں جہان میں شرف قبولیت سے سرفراز فرمائے اورمجھ فقیر اورمیرے والدین واساتذہ ، نیز میرے سب احباب ومریدین وتلامذہ کیلئے سامان آخرت وذریعہ مغفرت بنائے اوراس کتاب کے ذریعے تمام مسلمان مردوں اورعورتوں کو اعمال جنت کی رغبت اورعمل کرنے کی توفیق حاصل ہو۔
آمین بحرمۃ النبی الامین علیہ وعلی آلہ وصحبہ افضل الصلوۃ 
والتسلیم والحمد للہ رب العالمین
         ۲۸رمضان المبارک  ۱۴۰۰؁ھ(اعظمی منزل گھوسی)

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!