Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
waqiyat

شیطان کی دھمکی

شیطان کی دھمکی

حضرت سیدنا محمد بن زیادعلیہ رحمۃ الجواد بہت متقی و پرہیزگاربزرگ تھے۔ان پر ہر وقت خوفِ خدا عزوجل کا غلبہ رہتا اور روتے ہی رہتے ۔بہت زیادہ رونے کی وجہ سے ان کی بینائی ختم ہوچکی تھی ،آپ ر حمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے ارشاد فرمایا: ایک مرتبہ میں نے حضرت سیدنا ابراہیم خوّاص علیہ رحمۃ الرزاق سے پوچھا: ”حضور!آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ! اتنا عرصہ جنگلوں اور صحراؤں میں اللہ عزوجل کی عبادت کرتے رہے ،کیا اس دوران کبھی آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو کوئی بہت عجیب وغریب واقعہ پیش آیا؟”
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:” ایک مرتبہ مجھے ایک بہت ہی عجیب وغریب واقعہ پیش آیا۔ ہوا یوں کہ ایک رات میں جنگل میں سو رہا تھا، اچانک میرے پاس شیطان لعین آیااور غصیلے انداز میں کہنے لگا:”یہاں سے اٹھو اور کہیں اور چلے جاؤ۔” تومیں نے اس سے کہا :”اے مردود!یہاں سے دفع ہوجا۔” شیطان کہنے لگا:” یا تو تُو شرافت سے اٹھ جا۔یا پھر تجھے ایسی ٹھوکر ماروں گا کہ تو ہلاک ہوجائے گا۔” میں نے کہا:” (اے مردود!)تجھے جو کرنا ہے کرلے ، تو میرا بال بھی بِیکا نہیں کرسکتا۔” شیطان نے جب میری یہ با ت سنی تو بڑے زور سے مجھے ٹھوکر ماری لیکن مجھے اس کی ٹھوکر ایسے معلوم ہوئی جیسے میرے جسم پر کسی نے گھاس وغیرہ پھینکی ہو یعنی مجھے اس کی ٹھوکر سے بالکل کوئی تکلیف نہ ہوئی ۔
یہ دیکھ کر شیطان کہنے لگا :”تم مجھے اللہ عزوجل کے ولی معلوم ہوتے ہو، تم کون ہو؟”میں نے کہا: ”میرا نام ابراہیم خوّاص (علیہ رحمۃ الرزاق) ہے۔”شیطان نے پوچھا: ”تم نے بالکل ٹھیک کہا،اب میری بات غور سے سنو!کچھ اشیاء حرام ہیں اور کچھ حلال۔ حلال تو وہ چیزیں ہیں جو پہاڑوں وغیرہ میں اُگتی ہیں،یہ مباح ہیں اور وہ چیزیں جو خیانت اوردھوکے سے حاصل کی جائیں، وہ ناجائز ہیں ،(پھر شیطان کہنے لگا)مجھے دریا کے کنارے دو ماہی گیر ملے جومچھلیاں پکڑ رہے تھے۔ اصلاً تو دریا وسمندر وغیرہ کی مچھلیاں مباح وجائز ہیں۔ جوانہیں پکڑلے وہ اس کی ملکیت میں آجاتی ہیں لیکن وہ دونوں ماہی گیرخائن اور دھوکے باز تھے۔ اے ابراہیم خوّاص (علیہ رحمۃ الرزاق)! ہمیشہ حلال کھاؤ اور حرام اشیاء سے کنارہ کشی اختیار کرو۔”
(اللہ عزوجل ہمیں ہروقت اپنی حفظ و امان میں رکھے ،شیطان کے مکروفریب سے ہماری حفاظت فرمائے اورہمارے دلوں سے اپنے خوف کے علاوہ سب مخلوق کا خوف نکال دے ،اور ہمیں صرف اپنا ہی محتاج رکھے ، اللہ عزوجل ہمارے اسلا ف رحمۃاللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے صدقے ہمیں بھی عبادت وریاضت میں اخلاص کی دولت نصیب فرمائے اور اپنی دائمی رضا عطافرمائے، حرام اشیاء سے ہمیں محفوظ رکھے اور رزق حلال کمانے اور کھانے کی توفیق عطافرمائے ۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی عليہ وسلم )

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!