islam
wuzu Ka tareeqa
وُضو کا طریقہ (حنفی)
دُرُود شریف کی فضیلت
اللہ عزَّوَجَلَّ کے مَحبوب ،دانائے غُیُوب، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیُوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کاارشادِ مُشکبار ہے:”جس نے مجھ پر سو100 مرتبہ دُرُودِپاک پڑھا اللہ تعالیٰ اُس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لکھ دیتا ہے کہ یہ نِفاق اور جہنَّم کی آگ سے آزاد ہے اور اُسے بروزِ قیامت شُہَداء کے ساتھ رکھے گا۔”
(مَجْمَعُ الزَّوَائِد، ج10ص253 حدیث 17298)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
اگلے پچھلے گناہ معاف کروانے کا نُسخہ
حضرتِ سیِّدُنا حُمرا ن رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضرتِ سیِّدُنا عثمانِ غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے وُضو کیلئے پانی منگوایا جب کہ آپ ایک سرد رات میں نماز کے لیے باہَر جانا چاہتے تھے میں ان کے لئے پانی لے کر حاضِر ہوا تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنا چہرہ اور دونوں ہاتھ دھوئے۔ ( یہ دیکھ کر) میں نے عرض کی: ” اللہ عزَّوَجَلَّ آپ کو کفایت کرے
رات تو بہت ٹھنڈی ہے۔” تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:” میں نے نبی کریم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کوفرماتے ہوئے سنا کہ” جو بندہ کامل وضو کرتا ہے اس کے اگلے پچھلے گناہ معاف کر دیئے جائیں گے۔”
( اَلتَّرْغِیب وَالتَّرْہِیب لِلْمُنذرِیّ ج 1 ص 93 حدیث 11)