بسم اللہ الرحمن الرحیم
ونڈوز میں اردو پڑھنے اور لکھنے کی سہولت پہلے سے موجود ہوتی ہے۔ ونڈوز ایکس پی (XP) میں اردو بہتر انداز میں پڑھنے اور لکھنے کے لئے تین کام یعنی اردو ایکٹیو (Active)، اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور اردو فونٹس انسٹال کرنے پڑتے ہیں جبکہ ونڈوز وسٹا (Vista) اور ونڈوز سیون (7) میں دو کام یعنی اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور اردو فونٹس انسٹال کرنے پڑتے ہیں۔ یہ بالکل چھوٹے چھوٹے اور آسان مراحل ہوتے ہیں جو کہ ایک عام کمپیوٹر استعمال کرنے والا بھی نہایت آسانی سے کر سکتا ہے۔ ونڈوز ایکس پی میں اردو ایکٹیو کرنے کے لئے ونڈوز ایکس پی کی سی ڈی کی ضرورت پڑتی ہے۔ اردو کی انسٹالیشن کو مزید آسان بلکہ بہت ہی آسان بنانے کے لئے ”پاک اردو انسٹالر“ تیار کیا ہے۔
”پاک اردو انسٹالر“ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں
فائل سائز MB 14.51
”پاک اردو انسٹالر“ بغیر ونڈوز کی سی ڈی کے تینوں کام خودبخود کر دیتا ہے یعنی اردو ایکٹیو، اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور اردو کے چند ضروری فونٹس انسٹال کر دیتا ہے۔ عام طور پر اردو ویب سائیٹس اور دیگر جگہوں پر استعمال ہونے والے اردو کے تین فونٹس ”پاک اردو انسٹالر“ میں شامل کیے گئے ہیں۔ جن میں خوبصورت فونٹ ”جمیل نوری نستعلیق“، کرلپ کا فونٹ ”اردو ویب نسخ“ اوربی بی سی اردو کا فونٹ”اردو نسخ ایشیاء ٹائیپ“ شامل ہیں۔
”پاک اردو انسٹالر“ انسٹال کرنے کے بعد آپ کے کمپیوٹر میں اردو کی مکمل سپورٹ شامل ہو جائے گی۔ جس سے کسی بھی جگہ اردو بہتر انداز میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ بالکل آسانی سے اردو لکھی بھی جا سکتی ہے۔ کمپیوٹر پر کسی بھی جگہ جہاں دوسری کوئی زبان لکھی جاتی ہے وہاں پر اردو بھی لکھی جا سکتی ہے۔ حتیٰ کہ ای میل، چیٹ اور کسی فائل یا فولڈر کا نام وغیرہ بھی اردو میں لکھ سکتے ہیں۔ ”پاک اردو انسٹالر“ انسٹال ہونے اور کمپیوٹر ری سٹارٹ کرنے کے بعد Taskbar پر Language bar نظر آنا شروع ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ نیچے والی تصاویر میں نظر آرہی ہے۔
ونڈوز ایکس پی
ونڈوز وسٹا
ونڈوز سیون
”پاک اردو انسٹالر“ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کریں
فائل سائز MB 14.51
جس سافٹ ویئر میں اردو لکھنی ہو وہاں پر بائیں طرف کا Alt+Shift دبائیں تو آپ کا کمپیوٹر اس سافٹ ویئر میں اردو موڈ میں ہو جائے گا یعنی جب بھی کوئی Key دبائیں گے تو اردو لکھی جائے گی۔ اسی طرح کسی سافٹ ویئر کا موڈ انگلش میں تبدیل کرنے کے لئے دوبارہ بائیں طرف کا Alt+Shift دبائیں۔ جس سے دوبارہ انگلش موڈ ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ لینگوئج بار پر کلک کر کے بھی موڈ تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اگر کسی سافٹ ویئر میں دیکھنا ہو کہ کمپیوٹر اس سافٹ ویئر میں کس موڈ پر ہے تو ٹاسک بار پر موجود لینگوئج بار دیکھیں۔ اگر لینگوئج بار میں ”UR“ لکھا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ اردو موڈ پر ہے اور اسی طرح اگر ”EN“ لکھا ہو تو انگلش موڈ پر ہے۔
یاد رہے ایک وقت میں دو یا زیادہ زبانیں بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔ دو سے زیادہ زبانیں ہونے کی صورت میں جب بائیں طرف کا Alt+Shift دبائیں گے تو موڈ ایک زبان سے دوسری اور پھر دبانے سے دوسری سے تیسری اور اسی طرح موڈ آخری زبان تک جائے گا اور پھر دبانے سے واپس پہلی پر آجائے گا۔
اردو کی ترویج میں حصہ لیں، اپنی ویب سائیٹ/بلاگ پر پاک اردو انسٹالر کا بینر لگائیں۔ شکریہ
ایسا انسٹالر بنانا میری کافی پرانی خواہش تھی جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ دم توڑ چکی تھی۔ کچھ دن پہلے ابو شامل صاحب کی تحریرنے اس کام کو کرنے کی تحریک دی اور اللہ کے فضل سے میں ”پاک اردو انسٹالر“ بنانے میں کامیاب ہو گیا۔ پاک اردو انسٹالر بنانے کی کامیابی پر سب سے پہلے اللہ تعالیٰ اور پھر اردو محفل، نبیل نقوی صاحب اور ابو شامل صاحب کا شکر گزار ہوں کیونکہ یہ کام صرف اور صرف انہیں کے تعاون اور حوصلہ افزائی ممکن ہو سکا۔
اپڈیٹ نمبر 1 (18 جون 2011ء) :- اب ونڈوز کے تینوں ورژن یعنی ایکس پی، وسٹا اور سیون کے لئے ایک ہی ”پاک اردو انسٹالر“ کام کرے گا۔ یعنی اب ہر ونڈوز کے لئے علیحدہ علیحدہ انسٹالر کی بجائے ایک ہی انسٹالر ڈاؤن لوڈ کریں اور پھر جس ونڈوز پر چاہیں انسٹال کریں۔ مزید تفصیل یہاں دیکھ سکتے ہیں۔
اپڈیٹ نمبر 2 (29 جون 2011ء) :- 64Bit ونڈوز پر اردو انسٹال کرنے کی سہولت بھی ”پاک اردو انسٹالر“ میں شامل کر دی گئی ہے۔ یعنی اب چاہے ونڈوز ایکس پی، وسٹا یا سیون 32Bit ہو یا 64Bit سب کے لئے ایک ہی ”پاک اردو انسٹالر“ کام کرے گا۔