Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
درود شریف

درود شریف کی فضیلت

نظام محبت
♥️ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ♥️
درود شریف کے اندر ایک پورا نظام پوشیدہ ہے…
ہم اسے ’’ نظام محبت‘‘ اور ’’ نظام رحمت‘‘ کہہ سکتے ہیں…
درودشریف پڑھتے ہی یہ پورا نظام حرکت میں آ جاتا ہے…
مختصر طور پر اس نظام کو سمجھ لیں… درودشریف پڑھنے والے نے … اللہ تعالیٰ سے محبت کا ثبوت دیا…
کیونکہ درودشریف پڑھنے کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے…
یہ ہوئی پہلی محبت…
درود شریف پڑھنے والے نے حضور اقدس ﷺ سے محبت کا ایک حق ادا کیا… یہ محبت ایمان کے لئے لازمی ہے…
جب تک حضرت آقا مدنی ﷺ کی محبت … ہمیں ہر چیز سے بڑھ کر حاصل نہیں ہو گی… اس وقت تک ہمارا ایمان کامل نہیں ہو سکتا… اعتبار والا ایمان وہی ہے جس میں حضور اقدسﷺ سے محبت… سب سے بڑھ کر ہو…
اپنے والدین، اپنی اولاد… اپنے مال اور اپنی جان سے بھی بڑھ کر… انسان کو جب کسی چیز کی سچی محبت ہوتی ہے تو… وہ اس کا تذکرہ زیادہ کرتا ہے…
آپ بازار چلے جائیں… ہر طرف مال، مال اور مال کی آوازیں سنیں گے…
ہمیں حضور اقدس ﷺ کی صحبت حاصل نہیں ہوئی …
مگر ہم آپ ﷺ کی محبت تو پا سکتے ہیں… یہ محبت ہمیں جس قدر زیادہ نصیب ہو گی اسی قدر ہمارے دل میں…
آپﷺ کی زیارت، شفاعت، صحبت اور تذکرے کا شوق بڑھے گا… درودشریف میں ایک بندہ اپنی اسی محبت کا اظہار کرتا ہے… تو یہ ہوئی دوسری محبت…
ہم نے محبت سے درود شریف پڑھا تو… درودشریف کی خدمت پر مامور ملائکہ نے اسے محبت سے اُٹھایا اور سنبھالا … ان عظیم ملائکہ یعنی فرشتوں کے عجیب حالات حدیث شریف کی کتابوں میں آئے ہیں… یہ معزز فرشتے درود شریف کو اُٹھانے ، سنبھالنے اور پہنچانے کی خدمت …
بہت تیزی اور محبت سے سر انجام دیتے ہیں…
فرشتوں کو درودشریف سے محبت ہے…
اس کا ثبوت قرآن مجید میں موجود ہے… یہ ہوئی تیسری محبت…
پھر اللہ تعالیٰ نے ایک وسیع طاقت اور سماعت رکھنے والا ایک فرشتہ (ایک روایت میں دو فرشتے یا ایک فرشتہ)مقرر فرما رکھا ہے… جو درودشریف پڑھنے والے کو … بڑی محبت بھری دعاء دیتا ہے اور کہتا ہے ’’ غفرانک اللّٰہ ‘‘…
اللہ تعالیٰ تیری مغفرت فرمائے… فرشتے کی اس دعاء پر دیگر فرشتے آمین کہتے ہیں … اور اللہ تعالیٰ اس دعاء کو قبول فرماتے ہیں… یہ ہوئی چوتھی محبت…
فرشتوں نے یہ درودشریف حضور اقدسﷺ تک… درود شریف پڑھنے والے کی ولدیت کے ساتھ پہنچا دیا کہ…
یا رسول اللہ! فلاں بن فلاں نے آپ پر صلوٰۃ و سلام بھیجا ہے… آپﷺ اس صلوٰۃ و سلام کا محبت کے ساتھ جواب ارشاد فرماتے ہیں … سبحان اللہ! حضرت آقا مدنی ﷺ کا جواب … آپ ﷺ کی ہمارے لئے دعاء رحمت… اور ہمارے لئے سلام … یہ ہوئی پانچویں محبت…
اب ان پانچ محبتوں کے بعد… محبت کے مئے خانہ کا اصل دور شروع ہوتا ہے … وہ یہ کہ اللہ تعالیٰ توجہ خاص فرماتے ہیں … اور پھر اس بندے پر محبت اور رحمت کی بارش فرما دیتے ہیں…
دس خاص رحمتوں کا نزول… دس درجات کی بلندی …
دس گناہوں کی معافی… اور معلوم نہیں کیا کیا انعامات…

دیکھا آپ نے کہ… ہم نے جیسے ہی کہا

اللھم صل وسلم علیٰ سیدنا محمد

تو زمین سے لے کر عرش تک… کیسا زبردست ’’ نظام محبت و رحمت ‘‘ متحرک ہو گیا… اب جس بندے کو یہ نعمت نصیب ہوئی… اس کا کون سا مسئلہ ہے جو حل نہیں ہو گا اور کون سی پریشانی ہے جو دور نہیں ہو گی…💖💜💛
*صلی اللہ علیہ والہ وسلم*

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
error: Content is protected !!