islam
لازم کی تقسیمات
لازم کی بھی دوطرح سے تقسیم کی جاتی ہے۔
۱۔ ماہیت ووجود کے ا عتبار سے۔
۲۔دلیل کی طرف محتاج ہونے یانہ ہونے کے اعتبارسے۔
ماہیت ووجود کے ا عتبارسے لازم کی تقسیم
اس اعتبارسے لازم کی تین قسمیں ہیں:
۱۔ لازم ماہیت ۲۔ لازم وجود خارجی ۳۔ لازم وجود ذہنی
۱۔ لازم ماہیت کی تعریف:
وہ لازم ہے جسکا معروض سے جداہونا معروض کی ماہیت کی وجہ سے( قطع نظر وجودِ ذہنی وخارجی کے)ممتنع ہو جیسے: زوجیت اربعہ کیلئے۔
وضاحت:
زوجیت ار بعہ کیلئے لازم ماہیت اس لئے ہے کہ اربعہ کی ماہیت یہ چاہتی ہے کہ جفت ہونا اس سے جدا نہ ہو خواہ اربعہ خارج میں پایا جائے یاذہن میں ہرصورت میں اسے زوجیت لازم ہے۔
۲۔ لازم وجود خارجی:
وہ لازم ہے جو معروض کولازم ہواس کے خارج میں پائے جانے کے وقت ۔جیسے: جلانا آگ کیلئے۔
وضاحت:
جلانا آگ کے لیے لازم وجود خارجی ہے۔کیونکہ ”جلانا”آگ کو اس کے خارج میں پائے جانے کے وقت لازم ہے نہ کہ ذہن میں پائے جانے کے وقت۔
۳۔ لازم وجودذہنی:
وہ لازم ہے جومعروض کوذہن میں پائے جانے کے وقت لازم ہو۔ جیسے: کلی ہوناانسان کیلئے ۔
وضاحت:
کلی ہونا انسان کو ذہن کے اعتبار سے لازم ہے ۔کیونکہ کلی یا جزئی ہونا عقلی باتیں ہیں جن کا خارج میں وجود نہیں۔
دلیل کی طرف محتاج ہونے یانہ ہونے کے اعتبارسے لازم کی تقسیم
اس اعتبارسے لازم کی دوقسمیں ہیں: ۱۔ لازم بیّن ۲۔ لازم غیر بیّن
۱۔لازم بیّن:
وہ لازم ہے جس کے لزوم پردلیل کی ضرورت نہ ہو۔جیسے: آگ کیلئے جلانا۔
۲۔لازم غیر بیّن:
وہ لازم ہے جسکے لزوم پردلیل کی ضرورت ہو۔جیسے: عالم کیلئے حادث ہونا۔