islam
حضرت فاطمہ رضی ﷲ تعالیٰ عنہا
یہ حضورشہنشاہ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی سب سے چھوٹی مگر سب سے زیادہ چہیتی اور لاڈلی شہزادی ہیں ان کا نام فاطمہ اور لقب زہرا و بتول ہے اﷲاکبر! ان کے فضائل
اور مناقب اور ان کے درجات و مراتب کا کیا کہنا حدیثوں میں بکثرت ان کے فضائل اور بزرگیوں کا ذکر ہے جن کو مفصل ہم نے اپنی کتاب ،،حقانی تقریریں،، میں لکھا ہے ۲ھ میں حضرت علی شیر خدا رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے ان کا نکاح ہوا اور ان کے شکم مبارک سے تین صاحبزادگان حضرت امام حسن و حضرت امام حسین و حضرت محسن اور تین صاحبزادیاں زینب ام کلثوم و رقیہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہم و عنہن پیدا ہوئیں حضرت محسن و رقیہ تو بچپن ہی میں وفات پا گئے حضرت ام کلثوم کی شادی امیر المومنین حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے ہوئی جن کے شکم مبارک سے ایک فرزند حضرت زید اور ایک صاحبزادی حضرت رقیہ کی پیدائش ہوئی اور حضرت زینب کی شادی حضرت عبد اﷲ بن جعفر رضی اﷲ تعالیٰ عنہا سے ہوئی جن کے فرزند عون و محمد کربلا میں شہید ہوئے حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کے وصال کے چھ مہینے بعد ۳رمضان ۱۱ھ منگل کی رات میں آپ کی وفات ہوئی اور جنت البقیع میں مدفون ہوئیں ۔
(شرح العلامۃ الزرقانی،الفصل الثانی فی ذکر اولادہ الکرام علیہ وعلیہم الصلوۃ والسلام، ج۴،ص۳۳۱،۳۳۳،۳۳۹۔۳۴۲)