islam
مَدحِ رسول
مَحْبُوبِ ربِّ داور، شفیعِ روزِ مَحشر صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا ہر اُمتی پر یہ بھی حَق ہے کہ وہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی مَدْح و ثَنا کا ہمیشہ اِعلان اور چَرْچَا کرتا رہے اور ان کے فضائل و کمالات کو عَلَی الْاِعْلَان بیان کرے ۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے فضائل و مَحاسِن کا ذِکْرِ جمیل رَبُّ العالمین اور تمام انبیا و مرسلین عَلَیْہِمُ السَّلَام کا مُقَدَّس طریقہ ہے۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے قرآن کریم کو اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی مَدْح و ثَنا کے مُـخْتَلِف رنگا رنگ پھولوں کا ایک حَسِین گلدستہ بنا کر نازِل فرمایا ہے اور پورے قرآنِ کریم میں آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی نَعْت و صِفات کی آیاتِ بَیّنات اس طرح جگمگا رہی ہیں جیسے آسمان پر سِتارے جگمگاتے ہیں اور گزَشْتَہ آسمانی کِتابیں بھی اِعلان کر رہی ہیں کہ ہر نبی و رسول اللہ کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا مَدّاح و ثنا خوان اور ان کے فضائل و مَحَاسِن کا خطیب بن کر فضائلِ مصطفےٰ کے فَضْل و کَمال اور ان کے جاہ و جَلال کا ڈنکا بجاتا رہا۔یہی وجہ ہے کہ ہزاروں صَحابہ و صَحابیات نے ہر کوچہ و بازار اور میدانِ کارزار میں نَعْتِ رَسول کے ایسے ایسے عظیم شاہکار گلدستے ترتیب دئیے کہ جن کی خوشبو آج بھی چہار سُو پھیلی ہوئی ہے، 1 یہی نہیں بلکہ دَورِ صَحابہ سے آج تک سرورِ انبیا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے خوش نصیب مَدَّاحوں نے نَظْم و نَثْر میں نَعْتِ پاک کا اتنا بڑا ذخیرہ جَمْع کر دیا ہے کہ اسے اِحاطۂ شُمار میں لانا مُمکِن نہیں۔