islam
دیندار عورت سے شادی کی برکت
دیندار عورت سے شادی کی برکت
مشہور مُحدِّث اور کُوفے کے عظیم بُزرگ حضرت سَیِّدُنا سفیان بن عیینہ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : ہم چار بھائی تھے ، محمد ، عمران ، ابراہیم اور میں خود۔ محمد نے جب شادی کا ارادہ کیا تو حَسَب ونَسَب میں رغبت کے سبب اُس نے ایسی عورت سے شادی کی جو خاندان میں اُس سے بڑھ کر تھی تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اُس کو ذِلّت میں مبُتلا کردیا۔ عمران نے مال کی رغبت میں ایسی عورت کا اِنتخاب کیا جو اس سے زیادہ مالدار تھی تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اُسے فقر و تنگدستی میں مبُتلا کردیا۔ میں ان دونوں کے معاملے میں حیران و پریشان ہو کر رہ گیا۔ میرے پاس مَعْمَر بن راشِد رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ تشریف لائے تو میں نے اُن کے سامنے اپنے بھائیوں کا قِصّہ بیان کیا اور اُن سے اِس کے بارے میں مشورہ لیا تو انہوں نے مجھے حضرت سَیّدُنایحییٰ بن جَعْدَہ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ اور اُمُّ المومنین حضرت سیِّدَتُنا عائشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا سے مروی یہ احادیث بیان کیں :
حضرت سَیّدُنا یحییٰ بن جَعْدَہ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ سے رِوایت ہے کہ نبیِ پاک ، صاحبِ لولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : چار وُجوہات کی بنا پر عورت سے شادی کی جاتی ہے۔ دین ، حَسَب نَسَب ، مال اورخُوبصورتی لیکن تم دین والی عورت کو ترجیح دینا۔
(adsbygoogle = window.adsbygoogle || []).push({});
حضرت سیِّدَتُنا عائشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا سے مروی ہے کہ سرکارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ برکت نشان ہے : برکت کے اعتبار سے سب سے عظیم عورت وہ ہے جس (سےنکاح کرنے ) میں بوجھ کم ہو۔
حضرت سَیِّدُنا سفیان بن عیینہرَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : میں نے رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی حدیث پر عمل کرنے کی غرض سے اپنے لیے دین اور بوجھ کی کمی کو اختیار کیا تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے دین کے ساتھ ساتھ میرے لیے عزّت و مال بھی جمع کردیا۔ (1)
________________________________
1 – حلیة الاولیاء ، سفیان بن عیینة ، ۷ / ۳۴۰ ، رقم : ۱۰۷۸۰