Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

عصر حاضر کی مقتدا شخصیت : حضر ت علامہ سید محمد مدنی اشرفی الجیلانی دامت برکاتہم القدسیہ

عصر حاضر کی مقتدا شخصیت :

 حضر ت علامہ سید محمد مدنی اشرفی الجیلانی دامت برکاتہم القدسیہ

حضرت مولانا مفتی یحیٰ رضا مصباحی صاحب

 صد ر المدرسین جامعۃ المدینہ ،فیضان کنز الایمان، ممبئی۔

بر صغیر ہند وپا ک کا خطہ قدیم زمانہ ہی سے علم و عرفان ، فضل و کمال ، زہد و تقوی ، مراقبہ و مجاہدہ کی آماجگاہ اور زینت بنا ہے۔اور ہر زمانے میں آنے والے مختلف افراد اپنی دینی و علمی وجاہت کے ساتھ افق ہند پر ابھر تے رہے اور اپنی اپنی بساط کے مطابق مذہبی ،دینی ،علمی ،ملی ، قومی خدمات انجام دے کر روپوش ہوے ۔مگر ایسے کچھ ہی خا نوادے ہیں جن کی خدمات کا ایک’’ سلسلۃ الذہب‘‘ ہے اور ان کا رشتہ اپنے ماضی سے مکمل مربوط ہے ۔انہیں افراد میں عصر حاضر کی مقتدا شخصیت بقیۃ السلف عمدۃ الخلف ،شیخ الاسلام والمسلمین حضر ت علامہ سید محمد مدنی اشرفی الجیلانی دامت برکاتہم القدسیہ کی ذات والا صفات بھی ہے ، حضور شیخ الاسلام کی ذات محتاج تعارف نہیں۔بلکہ شیخ الاسلام مختلف خوبیوں کے حاصل اور اوصاف کمالات میں اپنے اسلاف کے مظہر کامل ہیں ۔ان کے علم و فضل ، خصائل کریمہ ، اوصاف حمیدہ کا ڈنکا بر صغیر میں پورے آب و تاب کے ساتھ بج رہا ہے اور ایک عالم امن سے مستفیض ہو رہا ہے خصوصاً آپ کی تصانیف علوم و معارف اور تحقیق و تدقیق کا گرانقدر سرما یہ ہیں ۔ قرآن و حدیث اور دلائل شرعیہ کو عمدہ ، سادہ اور سلیس پیرائے میں بیان فرما کر آپ نے امت مسلمہ کی ہدایت و رہنمائی کا عظیم کام انجام دیا ہے ۔اور یہی وجہ ہے کہ غزالی دوراں علامہ سعید احمد کاظمی علیہ الرحمۃ و الرضوان نے شیخ الاسلام دامت برکاتہم القدسیہ کو ’’رئیس المحققین‘‘ کا عظیم خطا ب مرحمت فرمایاتھا۔ آپ کی تصانیف میں ’’سید التفاسیر المعروف تفسیر اشرفی‘‘  خصوصاًگوہر بے بہا و تحقیق و تدقیق کا نایاب خزینہ ہے۔عصر حاضر کے اذہان و افکار کو مد نظر رکھ کر حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم القدسیہ نے سابقہ تفاسیر کا نچوڑ قوم کو پیش کرکے احسان عظیم فرما یا ہے۔
اسی طرح حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم القدسیہ نے بیعت و ارشاد کے ذریعے لاکھوں گمگشتگان راہ کو ضلالت و گمراہی کی تاریکی سے نکال کر ان کے قلوب کو نور ایمان سے مجلّیٰ و مصفّیٰ کر دیا اور مراسم ِخانقاہی میں اپنے اسلاف کی روایت کو قائم رکھتے ہوے نیا نظام بھی قائم فرمادیا۔
اسی طرح آپ دامت برکاتہم القدسیہ میدان خطابت کے عظیم شہ سوار ہیں ۔دلائل سے پُر ، سنجیدہ لب و لہجہ میں روحانی و عرفانی خطاب سے بر صغیر ہی نہیں بلکہ یورپ ، امریکہ و افریقہ دیگر بر اعظم کے ممالک کو بھی فیضیاب فرما یا ۔ ’’ماہ نور ‘‘ کے’’ اشرف العلماءنمبر‘‘  میں ہے ’’دی ورلڈ اسلامک مشن کی پہلی تنظیمی کانفرنس بریڈ فورڈ برطانیہ کے سینٹ چارج ہال میں مولانا شاہ احمد نورانی (متوفی2003) صدر جمیعۃ العلماء پاکستان کی زیر صدارت مورخہ 21 اپریل 1974؁ء کو منعقد ہوئی۔اس میں دنیا کے مختلف ممالک سے خطباء شریک تھے ۔ آپ دامت تہم القدسیہ کی تقریر بہت پسند کی گئی اس زمانے میں پورے برطانیہ کا طو فانی دورہ کیا ، کم و بیش 30خطبا ت ہوئے ان میں سے 9 تقریروں کا مجموعہ ’’ خطبات برطانیہ ‘‘ کے نام سے شائع ہوکر ہر خاص و عام سے خراج تحسین حاصل کر چکا ہے۔
حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم القدسیہ تبلیغ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اس کی تائید فرماتے ہیں اور گجرات میںخصوصاً دعوت اسلامی کی مقبولیت کی وجہ حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم القدسیہ ہیں۔
اللہ تبار ک و تعالی سے دعاء ہے کہ مولی تعالی اپنے حبیب پاک ﷺ اور مشائخ کرام کے صدقے ان کا سایہ عاطفت تا دیر اہل سنت پر قائم و دائم فرمائے ۔
آمین  آمین  بجاہ سید المرسلین  ﷺ

Related Articles

Check Also
Close
Back to top button
error: Content is protected !!