Our website is made possible by displaying online advertisements to our visitors. Please consider supporting us by whitelisting our website.
islam

دو راویوں کے درمیان الفاظِ حدیث میں اختلاف کی وجہ سے خبر کی اقسام

دو راویوں کے درمیان الفاظ ِحدیث میں اختلاف کی دو اقسام ہیں:
    (۱)۔۔۔۔۔۔ ثقہ اپنے سے ارجح کی مخالفت کریگا ۔
    (۲)۔۔۔۔۔۔ ضعیف راجح کی مخالفت کریگا۔
شاذ ومَحْفوظ:
     اگر ثقہ راوی اپنے سے ارجح (اوثق) کی مخالفت کرے تو ثقہ کی روایت کو شاذ جبکہ ارجح کی روایت کو محفوظ کہیں گے۔
شاذ ومحفوظ کی مثال:
     یاد رہے کہ شذوذ کبھی سند میں ہوتا ہے اور کبھی متن میں۔
شُذُوذ فی السَنَد کی مثال:
     رَوَی التِّرْمِذِيُّ وَالنَّسَائِيُّ وَابْنُ مَاجَہْ مِنْ طَرِیْقِ ابْنِ عُیَیْنَۃَ عَنْ عَمْرِو بْنِ دِیْنَارٍ عَنْ عَوْسَجَۃَ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ”اَئنَّ رَجُلاً تُوُفِّیَ عَلٰی عَھْدِ رَسُوْلِ اللہِ صَلَّی اللہِ  ترجمہ :امام ترمذی و نسائی و ابن ماجہ اپنی سند کے ساتھ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت کرتے ہیں کہ” ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کے زمانے میں فوت ہو گیا اور اس نے اپنے آزاد کئے گئے غلام کے سوا کوئی وارث نہ چھوڑا”۔
    اس حدیث کو ابن جریج نے ابن عیینہ کی متابعت کرتے ہوئے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما تک متصل سندکے ساتھ بیان کیا ہے لیکن حماد بن زید نے سند میں انکی مخالفت کی ہے اور اسے عمرو بن دینار کے واسطے سے عوسجہ سے مرسلا نقل کیا اور سند میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کا ذکر نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ ابو حاتم نے ابن عیینہ کی حدیث کو محفوظ قرار دیا ہے اور حماد بن زید جو کہ ثقہ راوی ہیں کی روایت کو شاذ قرار دیا ہے کیونکہ ابن عیینہ حماد بن زید سے اوثق ہیں۔
شُذُوذ فی المَتَن کی مثال:
    رَوٰی أَبُوْدَاو،دَ وَالتِرْمِذِيُّ مِنْ حَدِیْثِ عَبْدِ الْوَاحِدِ ابْنِ زِیَادٍ عَنْ الْاَعْمَشِ عَنْ أَبِي صَالِحٍ عَنْ أَبِي ہُرَیْرَۃَ مَرْفُوْعاً ”اِذَا صَلّٰی أَحَدُکُمْ الْفَجْرَ فَلْیَضْطَجِعْ عَنْ یَّمِیْنِہٖ”
ترجمہ : امام ابو داود و ترمذی اپنی سند کے ساتھ حضرت ابو ھریرہ رضی اللہ عنہ سے مرفوعا ًروایت کرتے ہیں کہ جب تم میں سے کوئی نماز فجر ادا کر چکے تو اسے چاہیے کہ اپنے دائیں پہلو کے بل لیٹ جائے۔ (تھوڑی دیر آرام کے لئے)
    عبد الواحد کی یہ روایت شاذ ہے کہ کیونکہ امام بیہقی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اس حدیث کو بیان کرنے میں عبد الواحد نے کثیر تعداد کی مخالفت کی ہے کیونکہ ایک کثیر تعداد نے اسے حضور صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلمکے فعل کے طور پر بیان کیا ہے نہ کہ بطورِ قول۔ لہذا عبد الواحد کی یہ روایت شاذ جبکہ کثیر تعداد کی مروی روایت محفوظ ہے۔
حکم:
     شاذ حدیث مردود ہے اور محفوظ مقبول (مقبول ومردود کا حکم گذر چکا)۔
مَعْرُوف ومُنکَر:
    جب ضعیف راوی الفاظ حدیث میں اپنے سے ارجح کی مخالفت کرے تو ضعیف کی روایت کو منکر جبکہ ارجح کی روایت کو معروف کہیں گے ۔
معروف ومُنکَر کی مثال:
     رَوَی ابْنُ حَاتَمٍ مِنْ طَرِیْقِ حُبَیِّبِ بْنِ حَبِیْبٍ وَہُوَ أَخُوْ حَمْزَۃَ بْنِ حبیب الزِّیَّاتِ الْمُقْرِيْ عَنْ أَبِيْ اِسْحَاقَ عَنْ العَیْزَارِ بْنِ حُرَیْثٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ مَنْ أَقَامَ الصَّلَاۃَ وَآتٰی الزَّکوٰۃَ وَحَجَّ الْبَیْتَ وَصَامَ وَقَرَی الضَّیْفَ دَخَلَ الْجَنَّۃَ۔
ترجمہ: ابن حاتم نے حبیب بن حبیب جو کہ حمزہ بن حبیب الزیات المقری کے بھائی ہیں سے انھوں نے ابو اسحاق سے انھوں نے عیزار بن حریث سے اور انھوں نے ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کیا کہ آپ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا جس نے نماز قا ئم کی اور زکاۃ ادا کی اور بیت اللہ کا حج کیا اور روزہ رکھا اور مہما ن کی مہمان نوازی کی وہ جنت میں داخل ہوگیا۔ابو حاتم نے فرمایا کہ یہ حدیث منکر ہے کیونکہ حبیب (جوکہ ضعیف ہے) نے اسے دیگر ثقہ راویوں کی مخالفت کرتے ہوئے مرفوعا بیان کیا ہے حالانکہ دیگر ثقہ راویوں نے اسے ابو اسحاق سے موقوفا بیان کیا ہے لہذا ثقہ راویوں کی روایت معروف ہے ۔
حکم:
    حدیثِ معروف مقبول ہے جبکہ منکر مردود۔
                     ٭۔۔۔۔۔۔٭۔۔۔۔۔۔٭۔۔۔۔۔۔٭
                                    (مشق)
سوال نمبر(1):شاذومحفوظ کی تعریف،مثال اور حکم بیان فرمائیں۔
سوال نمبر(2):معروف ومنکرکی تعریف مثال اورحکم بیان فرمائیں۔
سوال نمبر(3):حدیث کی مندرجہ بالا تقسیم کس اعتبار سے کی گئی ہے؟

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!